تانڈور۔ 18 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تانڈور، ضلع وقارآباد سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریس رہنما خالد سیف اللہ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اقلیتی محکمہ کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی محکمہ کے چیئرمین و رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے 17 اگست کو اس سلسلے میں باضابطہ حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تقرری کا اعلان کیا۔حکم نامے کے مطابق خالد سیف اللہ فوری اثر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کی تقرری پر تانڈور سمیت ضلع وقارآباد کے کانگریسی قائدین اور کارکنوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔خالد سیف اللہ اس سے قبل تلنگانہ کانگریس اقلیتی شعبہ کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پارٹی میں ان کے تنظیمی تجربے اور سرگرمیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔کانگریسی حلقوں کا کہنا ہے کہ خالد سیف اللہ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کے ہاتھ مضبوط کرنے کے ساتھ راہول گاندھی کی پالیسیوں اور نظریات کو اقلیتی طبقہ تک پہنچانے اور پارٹی تنظیم کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق خالد سیف اللہ آئندہ چند دنوں میں حیدرآباد کے گاندھی بھون پہنچ کر اپنے نئے عہدے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ تانڈور کے سیاسی حلقوں میں ان کی تقرری کو کانگریس میں ان کے بڑھتے ہوئے سیاسی و تنظیمی قد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔