خاندان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کتاب تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ‘ سونیا گاندھی

,

   

٭ ہمارے تعلق سے حقیقت سے بعید تکلیف دل باتیں پھیلائی گئیں

٭ اندرا گاندھی و راجیو گاندھی کے قتل کے وقعات کا بیان جذباتی چیلنج تھا
٭ کتاب پر عوام کا رد عمل توقع سے زیادہ ۔ تنقیدیں بھی عوامی رائے کا حصہ
٭ رسم اجراء تقریب سے سونیا گاندھی کا خطاب۔ اہم شحصیتوں کی شرکت
نئی دہلی، 16 نومبر (یو این آئی۔) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ ان کے خاندان کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا ہے ، جن میں سے زیادہ تر باتیں حقیقت سے پرے ہیں اور ان کا اصل حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اسی لئے انہوں نے اپنی کتاب میں سچائی بیان کی ہے ۔ سونیا گاندھی نے آج اپنی کتاب Belongin : a Journey of love کی رسمِ اجرا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دوست کافی عرصہ سے انہیں اپنی زندگی کے سفر کے بارے میں لکھنے کی ترغیب دے رہے تھے ، لیکن وہ اپنے ذاتی جذبات اور عوام سے متعلق اپنے خیالات کو عام کرنے سے ہمیشہ ہچکچاتی رہی ہیں۔ تاہم جب ان کے بیٹے راہول، بیٹی پرینکا اور قریبی دوست منجولیکا دوبے کا اصرار بڑھا تو انہوں نے کتاب لکھنے کا فیصلہ کیا۔سونیا گاندھی نے کتاب کی رسمِ اجرا کے موقع پر پہلی بار اپنی زندگی کے بارے میں تفصیل سے بات کی اور اپنی زندگی کے کئی ایسے پہلوؤں پر اپنا موقف پیش کیا، جن کے بارے میں پہلے کبھی بات نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان سے متعلق کئی طرح کی کہانیاں گھڑی جاتی ہیں، جھوٹی باتیں پھیلائی جاتی ہیں اور ایسی تکلیف دہ باتیں کہی جاتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ان کے خاندان کے بارے میں کہی جانے والی زیادہ تر باتیں ان کی حقیقی زندگی کی عکاسی نہیں کرتیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کتاب پڑھنے کے بعد لوگ ان کی بات سننے اور ان کے خاندان کی حقیقت کو سمجھنے کیلئے تیار ہونگے ۔سونیا گاندھی نے کتاب میں اپنی خاندانی زندگی، شوہر راجیو گاندھی، ساس اندرا گاندھی اور اپنے بچوں سے وابستہ یادوں کے ساتھ اپنی سیاسی زندگی کے تجربات بھی پیش کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اندرا گاندھی کے قتل اور راجیو گاندھی کے قتل سے متعلق واقعات کو کتاب میں تحریر کرنا ان کیلئے انتہائی مشکل تھا۔ ان واقعات کو الفاظ میں بیان کرنا ان کیلئے جذباتی طور پر ایک بڑا چیلنج تھا۔ کتاب کے عنوان ‘بیلانگنگ’ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اپنائیت اور قبولیت کا احساس اس کتاب میں بار بار سامنے آتا ہے ۔ ایک نئے خاندان اور نئی ثقافت میں آنے کے بعد قبول کیے جانے اور اس کا حصہ بننے کی کوشش کو اپنی زندگی کا اہم تجربہ قرار دیا ۔ سونیا گاندھی نے کتاب کو قارئین کی محبت اور ردعمل پر خوشی کا اظہار کرکے کہا کہ کتاب کے بارے میں عوام کا ردعمل ان کی توقع سے کہیں زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنقید بھی ضروری ہے اور بعض تنقیدیں زیادہ سخت ہونے کے باوجود وہ انہیں قارئین کے ردعمل کا حصہ سمجھتی ہیں ۔ اپنی ابتدائی زندگی اور راجیو گاندھی سے ملاقات کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کیمبرج میں ایک دوست نے ان کی ملاقات راجیو گاندھی سے کرائی تھی۔ وہاں کی بے فکر زندگی، پھر راجیو کی ہندوستان واپسی اور ان کے اٹلی واپس جانے سے دونوں کے درمیان دوری ان کیلئے ایک خاص تجربہ تھا۔ تقریباً ایک سال بعد جب وہ ہندوستان واپس آئیں اور دوبارہ راجیو کو دیکھا تو ان کا وزن کافی بڑھ چکا تھا۔ اندرا گاندھی کے ساتھ اپنے ابتدائی تعلقات پر انہوں نے کہا کہ وہ ان سے بہت ڈرتی تھیں اور سمجھ نہیں پاتی تھیں کہ ان سے کس طرح بات کریں ۔ راجیو گاندھی اور ان کے بھائی سنجے گاندھی اپنی والدہ کو ‘ماں’ کہتے تھے اور ان سے بھی یہی توقع کی جاتی تھی، لیکن وہ اندرا گاندھی کو اس نام سے نہیں پکارنا چاہتی تھیں، کیونکہ ان کیلئے ‘ماں’ کا خطاب صرف ان کی اطالوی والدہ کے لیے مخصوص تھا۔ اس لیے وہ براہ راست مخاطب کیے بغیر ان سے بات کرنے کا طریقہ تلاش کرتی تھیں۔ رفتہ رفتہ شناسائی بڑھنے کے ساتھ ان کی یہ جھجک دور ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کی شخصیت بہت بااثر تھی اور کبھی کبھی جب وہ غصے میں آتی تھیں تو انہیں اپنے والد یاد آجاتے تھے ، جس سے وہ سہم جاتی تھیں۔ تاہم راہول اور پرینکا کی پیدائش کے بعد اندرا گاندھی کے رویہ میں تبدیلی آگئی تھی اور وہ پہلے سے زیادہ نرم مزاج اور سمجھنے والی ہوگئی تھیں۔سونیا گاندھی نے راجیو گاندھی کے ساتھ تعلقات پر والدین کو بتانے کے تجربے کو بھی یاد کیا۔سونیا گاندھی نے کہا کہ جنریشن زی کے نوجوانوں کو اپنے مطالبات کے ساتھ آگے آتے دیکھنا حوصلہ افزا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پرانی نسل کے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ سمجھ بوجھ رکھتی ہے ۔ انہوں نے زیادہ نوجوانوں سے آگے آنے اور سیاست میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن راہول گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو، نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ، سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، ٹاملناڈو کے چیف منسٹر سی جوزف وجے ، جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین، ہماچل پردیش کے چیف منسٹر سکھوندر سنگھ سکھو، تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کرناٹک کے چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار سمیت اپوزیشن جماعتوں کے کئی رہنما اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی، کانگریس رہنما بھوپندر سنگھ ہڈا اور پی چدمبرم بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔