ممبئی: ملک کی ممتاز روحانی خانقاہ خانقاہِ برکاتیہ بڑی سرکار، مارہرہ شریف، ضلع ایٹہ (یو۔پی) کے سجادہ نشین، حضرت علامہ مولانا سید سبطین حیدر زیدی ، جو مجلسِ شرعی ٹرسٹ (رجسٹرڈ)، ممبئی کے صدر و چیف ٹرسٹی بھی ہیں نے سپریم کورٹ میں وقف ترمیم قانون کے خلاف مفاد عامہ میں عرضداشت داخل کرکے ترمیم شدہ قانون کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے یہ اطلاع ممبئی میں مجلس شرعی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فیضان عزیزی نے دی۔ ایک اطلاع کے مطابق ملک کی کسی خانقاہ کی جانب سے داخل کی جانے والی اپنی نوعیت کی یہ پہلی عرضداشت ہے جو کسی غیر سیاسی شخص نے داخل کی ہے ۔ اس عرضداشت میں دعوی کیا گیا ہے کہ ترمیم شدہ قانون صوفی سلسلوں کی خانقاہوں، عوامی درگاہوں، دینی مدارس، مساجد اور دیگر مذہبی اداروں کو سرکاری تحویل میں لینے کا راستہ ہموار کرتا ہے نیز اس کے رو سے وقف جائیدادوں کی خودمختارانہ حیثیت ختم ہونے سے نہ صرف مذہبی آزادی مجروح ہوگی بلکہ تعلیمی، روحانی، اور فلاحی خدمات بھی متاثر ہوں گی۔