ایجوکیشن کمیشن کے مسودہ بل پر محکمہ تعلیم پر جائزہ ، کابینی سب کمیٹی قطعی فیصلہ کرے گی
حیدرآبا 13 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن نے خانگی اسکول فیس کو کنٹرول کرنے 24 جنوری کو ’تلنگانہ پرائیویٹ اَن ایڈیڈ اسکول ریگولیٹری اینڈ مانیٹرنگ کمیشن ڈرافٹ بل۔2025‘ کے نام سے ایک بل حکومت کو پیش کیا ہے۔ محکمہ تعلیم سے ماہرین تعلیم کی موجودگی میں اس بل کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بہت جلد یہ بل کابینی سب کمیٹی کو پیش کردیا جائے گا جس کے بعد آئندہ بجٹ سیشن میں اس بل کو قانونی موقف دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس بل میں معمولی تبدیلیوں کے بعد قطعی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی۔ حکومت نے خانگی تعلیمی اداروں کی فیس پر قابو پانے کیلئے گزشتہ سال جولائی 2024ء میں ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو، سیتا اَکا اور پونم پربھاکر پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس کو خانگی اسکول فیس کنٹرول کرنے کیلئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ محکمہ تعلیم کی ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹ کے سینئر عہدیداران سال 2017ء میں مدھیہ پردیش اور گجرات حکومتوں کی جانب سے متعارف کرائے گئے فیس ریگولیشن قوانین، ماضی کے آرڈیننس، عدالتی مقدمات وغیرہ کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ یکم جنوری 1994ء کو جاری کردہ جی او نمبر 1 کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے جس میں فی طالب علم کی جگہ (مربع فیٹ) کا تعین کیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ بیرون ملک کی یونیورسٹیوں کی فیس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیس کا تعین مختلف سہولیات، تعلیمی معیار وغیرہ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اس طرح کچھ تبدیلیوں کے ساتھ رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے تاکہ قانونی مسائل پیش نہ آئے اور ساتھ ہی یہ عمل تعطل کا شکار بھی نہ ہو۔ اس لئے حکومت ، اس بل کو قانونی موقف دینے کیلئے اسمبلی میں پیش کرنا چاہتی ہے۔ کابینی سب کمیٹی مختلف اُمور کا جائزہ لینے کے بعد اس بل کو اسمبلی میں کب متعارف کرایا جائے، اس کا قطعی فیصلہ کرے گی۔ ایجوکیشن کمیشن کے پاس تعلیمی معیارات کا جائزہ لینے، فیس کنٹرول کرے گا، اساتذہ کی قابلیت کو فروغ دینے، اسکول کی نگرانی اور معائنہ کرنے اور ساتھ ہی خانگی اسکولوں میں حق تعلیم قانون کو نافذ کرنے جیسے اختیارات ہیں۔ کمیشن کا صدرنشین ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج یا ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر، ڈسٹرکٹ فیس کنٹرول کمیٹیاں، ہر ضلع کے کلکٹر کی صدارت میں بنائی جائیں گی۔ فیس کا تعین یہ کمیٹیاں کریں گی۔ تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن نے اپنے مسودہ بل حکومت سے سفارش کی ہے کہ کنزیومر پرائس انڈیکس کی بنیاد پر ہر سال فیس میں نظرثانی کی جائے گی۔ 2