خانگی جونیئر کالجس میں داخلوں کے خلاف انٹرمیڈیٹ بورڈ کا انتباہ ایڈمیشن شیڈول کی اجرائی ابھی باقی

   

حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے خانگی جونیئر کالجس میں غیر مجاز داخلوں کے خلاف انتباہ دیا ہے۔ بورڈ سے بیان جاری کرکے کہا گیا کہ خانگی جونیئر کالجس سے گمراہ کن طریقہ کار کے ذریعہ داخلوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا کہ تعلیمی سال 2024-25 کے داخلہ شیڈول کو ہنوز جاری نہیں کیا گیا ۔ بورڈ نے طلبہ اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اعلان تک جونیئر کالجس میں داخل لینے سے گریز کریں۔ سکریٹری بورڈ کے مطابق جونیئر کالجس کو عبوری الحاق سے متعلق کارروائی ابھی جاری ہے اور ملحقہ کالجس کی فہرست بورڈ کی ویب سائیٹ پر پیش کی جائے گی۔ بورڈ نے سرپرستوں سے کہا ہے کہ وہ صرف ملحقہ جونیئر کالجس میں بچوں کا داخلہ کرائیں۔ خانگی جونیئر کالجس انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایڈمیشن شیڈول کی اجرائی کے بعد ہی داخلوںکا آغاز کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ضلع انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ خانگی جونیئر کالجس پر نظر رکھیں۔ 1