حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے ریاست میں خانگی میڈیکل اور ڈنٹل کالجس میں سال 2025-26 کے لئے مینجمنٹ کوٹہ (بی، سی ؍ این آر آئی) زمرہ کے لئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ کے لئے پہلے مرحلہ کی ویب کونسلنگ کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ بی، سی زمرہ کے لئے درخواست داخل کرنے والے 6406 اہل امیدواروں کی قطعی لسٹ جاری کی ہے۔ پیر کو دوپہر 3 بجے سے چہارشنبہ 24 ستمبر دوپہر 2 بجے تک اہل امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے یونیورسٹی کے https://tspvtmedadm.tsche.in ویب سائٹ پر اپنے آپشنس کا اندراج کرائیں۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے کہا کہ 20 ستمبر کو یونیورسٹی کے ویب سائٹ پر جاری کئے گئے مینجمنٹ کوٹہ کے قطعی میرٹ لسٹ میں موجود نیٹ یو جی اہل امیدوار ہی آپشنس کا اندراج کرائیں۔ ریاست میں 26 خانگی میڈیکل کالجس ہیں جن میں 2120 مینجمنٹ کوٹہ کی نشستیں ہیں۔ ان میں بی زمرہ کے تحت 1480، این آر آئی کوٹہ کے تحت 640 نشستیں دستیاب ہیں۔ ساتھ ہی بی ڈی ایس کے تحت ریاست میں آرمی ڈنٹل کالج کے ساتھ 10 خانگی میڈیکل کالجس میں مینجمنٹ کوٹہ کے تحت 543 نشستیں دستیاب ہیں۔ آرمی ڈنٹل کالج میں 43 نشستیں مینجمنٹ کوٹہ کے تحت آرمی عملہ کے ارکان کو مختص کی گئی ہیں۔ ماباقی 10 خانگی کالجس میں ہر کالج میں 50 نشستیں مینجمنٹ کوٹہ کے تحت مختص ہیں۔ ان میں 30 نشستیں مقامی زمرہ میں، 5 نشستیں غیر محفوظ اور مزید 15 نشستیں این آر آئی کوٹہ میں مختص کی گئی ہیں۔ 2