خانگی گاڑی میں ای وی ایم کی منتقلی پر 6 انتخابی کارکن معطل

,

   

ہماچل پردیش میںکانگریس قائدین کے اعتراض پر الیکشن کمیشن کی کارروائی

شملہ: ہماچل پردیش اسمبلی کیلئے ہفتہ کو ووٹنگ ہوئی ۔ رائے دہی کے بعد رامپور اسمبلی حلقہ کے دت نگر پنچایت میں دیر شام ایک پرائیویٹ گاڑی میں ای وی ایم ملنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے کارروائی کی ہے۔ کانگریس کارکنوں کی طرف سے یہ مسئلہ اٹھائے جانے کے بعد کمیشن نے لاپرواہی کے الزام میں 6 انتخابی کارکنوں کو معطل کر دیا ہے۔ ان میں پولنگ کے چار اہلکاروں سمیت دو سیکورٹی اہلکار شامل ہیں۔پولنگ عملے کے پرائیویٹ گاڑیوں میں ای وی ایم کو اسٹرانگ روم میں لانے پر اعتراض کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے انکوائری کی ہدایت دی تھی اور اب معطلی کی کارروائی کی گئی ہے۔ کمیشن کی طرف سے ضبط کی گئی ای وی ایم کی جانچ کی جائے گی۔ہفتہ کی دیر شام ایک پرائیویٹ گاڑی سے ای وی ایم ملنے کے بعد کانگریس پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں نے اس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔ کانگریس نے اس معاملے کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی تھی اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے جھگڑے کے بعد الیکشن سپروائزر بھاونا گرگ نے کانگریس کارکنوں کو کاروائی کا تیقن دیا۔بتایا جا رہا ہے کہ ہماچل پردیش کے رامپور سے 12 کلومیٹر دور دت نگر پنچایت میں واقع پولنگ بوتھ پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد ہفتہ کی رات تقریباً 8 بجے پولنگ اہلکار ایک پرائیویٹ گاڑی میں ای وی ایم کو اسٹرانگ روم میں لے جا رہے تھے۔ رام پور میں انہوں نے اس سلسلے میں اسسٹنٹ الیکشن آفیسر سریندر موہن کو بھی آگاہ کیا۔ اس پر اسسٹنٹ الیکشن آفیسر نے انتخابی عملہ کو ہدایت دی کہ وہ ای وی ایم مشین کو جی پی ایس سے لیس سرکاری گاڑی میں واپس لے آئیں۔ اس دوران جب انتخابی کارکن داتا نگر کی طرف متوجہ ہوئے تو کانگریس کارکنوں نے ایک پرائیویٹ گاڑی میں ای وی ایم دیکھ کر ہنگامہ کیا۔ کانگریس ایم ایل اے نند لال بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ الیکشن آفیسر اور ڈی ایس پی رام پور موقع پر پہنچے اور کانگریس کارکنوں کو اس معاملے میں کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔الیکشن افسر اور ایس ڈی ایم سریندر موہن نے بتایا کہ پولنگ پارٹی نمبر 146 پرائیویٹ گاڑی میں ای وی ایم مشین لے جا رہی تھی۔ یہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی صریح خلاف ورزی تھی۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 134 کے تحت داتا نگر پولنگ اسٹیشن 49 پر تعینات پولنگ پارٹی کے چھ اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔