خدارا غلط بیانی نہ کیجئے، کھرگے کا مودی کے نام مکتوب

   

مل کر آپ کو ’نیائے پتر‘ کی حقیقت سمجھانے میں مجھے خوشی ہوگی

نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے منشور ’نیائے پتر‘ پر وزیراعظم مودی کے ذریعے کی جانے والی تنقیدوں کے درمیان کانگریس پارٹی نے مودی سے ملنے کا وقت مانگا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے مودی کو ایک مکتوب لکھتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آپ سے ملاقات کر کے کانگریس کے انتخابی منشور کی حقیقت آپ کو بتانے میں خوشی ہوگی تاکہ آپ غلط بیان بازی نہ کریں۔ ملکارجن کھرگے نے اپنے مکتوب کے آغاز میں ہی لکھا ہے کہ مجھے اُمید ہے کہ آپ اس خط کو مثبت انداز میں لیں گے۔ گزشتہ چند دنوں میں آپ کی کچھ تقاریر اور بیانات سے مجھے نہ تو کوئی صدمہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی حیرت۔ مجھے توقع تھی کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد آپ اور آپ کی پارٹی کے لیڈران اسی انداز میں بات کریں گے۔ کھرگے نے اس مکتوب میں مزید لکھا ہے کہ آج آپ غریب اور پسماندہ طبقے کی خواتین کے منگل سوتر کی بات کرتے ہیں۔ کیا آپ کی حکومت منی پور میں خواتین اور دلت لڑکیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور عصمت دری کرنے والوں کو ہار پہنانے کی ذمہ دار نہیں ہے؟ جب آپ کے دور حکومت میں کسان خودکشی کررہے تھے تو آپ اُن کے بیوی بچوں کی حفاظت کیسے کررہے تھے؟ براہ کرم ’نیائے پتر‘ (کانگریس کا انتخابی منشور) کو پڑھئے جو ہمارے اقتدار میں آنے کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’آپ کی عادت بن گئی ہے کہ آپ کچھ الفاظ کو سیاق و سباق سے نکال کر ان کے ذریعہ فرقہ وارانہ طور پر لوگوں کو بانٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسا کرکے آپ اپنے عہدے کا وقار کم کر رہے ہیں۔ جب یہ سب ختم ہو جائے گا تو پھر لوگوں کو یاد ہو گا کہ ملک کے وزیراعظم نے الیکشن ہارنے کے خوف سے کس قدر گھٹیا زبان کا استعمال کیا تھا۔ کانگریس کے صدر کے مکتوب کے اختتامی حصے کے پیراگراف کو سرخ رنگ کے باکس کے ذریعے نمایاں کیا گیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ کانگریس کے نیائے پتر کا مقصد تمام ذاتوں اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، خواتین، کسانوں، مزدوروں اور پسماندہ لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ آپ کو آپ کے ’مشیر‘ہمارے منشور کے بارے میں غلط معلومات دے رہے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ملک کے وزیر اعظم غلط بیان بازی نہ کریں، مجھے آپ سے ملنے اور نیائے پتر کی حقیقت سمجھانے میں خوشی ہوگی۔