نئی دہلی: دہلی ہمیشہ سے مختلف زبانوں اور قوموں کی تہذیب و ثقافت کا ایک سنگم رہی ہے اور ہر زمانے میں تمام قومیں اپنی تاریخ اور زبان کے ساتھ یہاں کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کو پروان چڑھانے میں پیش پیش رہی ہیں اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہوکر یہاں کی تاریخ و تہذیب، طرزِ معاشرت اور بود و باش کے طریقوں کو عام کیا ہے اور ان کے فروغ میں مختلف قوموں اور تہذیبوں کا اہم کردار رہا ہے ۔ قوموں اور زبانوں کی اس مشترکہ تہذیب و ثقافت اور طرزِ معاشرت سے آج نئی نسل کو واقف کرانے کی سخت ضرورت ہے ۔ ملک میں اس سال ہندوستان کی آزادی کی75ویں سالگرہ منائی جارہی ہے ۔ اسی کے پیشِ نظر اردو اکادمی، دہلی نے دہلی کی تاریخ و ثقافت کے عنوان سے دس خطبات پر مشتمل توسیعی خطبات کی ایک سیریز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔