خطاب کے مضبوط دعویدار ڈومنک پہلے راونڈ میں باہر

   

پیرس ۔ آسٹریا کے ڈومنک تھیئم پہلے راؤنڈ میں اسپین کے پابلو این ڈوزار سے تقریباً ساڑھے چارگھنٹے تک چلے پانچ سیٹوں کے مقابلے میں شکست کے بعد سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن سے باہر ہوگئے ۔ پابلو نے تھیئم سے پہلے دو سٹ گنوانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین سیٹ جیت کر چارگھنٹے 28 منٹ میں 6-4، 7-5، 3-6 ، 4-6، 4-6 سے شکست دے کر دوسرے راونڈ میں جگہ بنالی۔ڈومنک کو نڈال کے بعد خطاب کا اہم دعویدار مانا جارہا تھا ۔ پانچویں سیڈ یونان کے استیفانوس ستسپاس نے آسان جیت کے ساتھ دوسرے راونڈ میں جگہ بنالی ہے ۔ ستسپاس نے دو گھنٹے چار منٹ تک کھیلے گئے میچ میں جیریمی چارڈی کو پانچ سیٹوں میں سے شکست دی۔ چھٹی سیڈ جرمنی کے آندرئی جیوریوف نے ہم وطن کوالیفائر آسکر اوٹی کو پانچ سیٹوں میں 3-6، 3-6، 6-2، 6-2 اور6-0 سے شکست دے کر دوسرے راونڈ میں جگہ بنالی۔ٹورنمنٹ میں 16 واں مقام حاصل کرنے والے گریجار دیمترو کو بھی ایسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ انہوں نے امریکہ کے گیری آن کے خلاف ابتدائی دو سیٹ 6-2، 6-4 سے اپنے نام کرلئے تھے لیکن تیسرے سیٹ میں امریکی کھلاڑی نے 7-5 اور چوتھے سیٹ میں 3-0 کا اسکور درج کرتے ہوئے مقابلہ میں واپسی کے امکانات روشن کرلئے تھے لیکن زخمی ہونے کی وجہ سے دیمترو نے مقابلہ سے دستبرداری اختیار کی۔ جاپان کے کائی نیشی کوری کو کامیابی کے لئے پانچ سیٹوں کی سخت جدوجہد کرنی پڑی۔خواتین میں تیسری سیڈ بیلاروس کی ارنیا سبالینکا اور23 ویں سیڈ امریکہ کی میڈسن کیز اپنے اپنے پہلے دور کے مقابلے جیت کر دوسرے راونڈ میں پہنچ گئی ہیں۔