خفیہ معلومات افشا کرنے والا نیشنل گارڈ گرفتار

   

نیویارک : امریکہ نے خفیہ دفاعی معلومات کی ترسیل کے سلسلے میں ایئر نیشنل گارڈ کے ملازم جیک ٹیکسیرا کو گرفتارکرلیا ہے۔ امریکہ کے اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے محکمہ انصاف میں ایک مختصر بیان میں کہا کہ ’’ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے جمعرات کی سہ پہر ٹیکسیرا کو بغیر کسی واقعہ کے حراست میں لے لیا ہے‘‘۔اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس میں ایئرنیشنل گارڈز کے ایک اہلکار کی انتہائی خفیہ امریکی دستاویزات افشاکرنے کے الزام میں گرفتاری عمل میں آئی ہے۔نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربات کرنے والے ذرائع نے اس گرفتاری کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔ایف بی آئی نے تحقیقات میں پیش رفت پرتبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔محکمہ انصاف نے گذشتہ ہفتے باضابطہ فوجداری تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔
اور پینٹگان نے کہا ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران میں خفیہ امریکی معلومات کے اجراء سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایاجا رہاہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک آن لائن گروپ کے سربراہ نے خفیہ دستاویزات پوسٹ کی تھیں اور وہ میساچوسٹس میں ایئرنیشنل گارڈ کا رکن ہے۔