جی ایس ایل وی ایم کے تری کو کامیابی سے داغا گیا
حیدرآباد۔23 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی(اسرو)نے سب سے بھاری راکٹ جی ایس ایل وی ایم کے تری(ایل وی ایم۔تری) کو الٹی گنتی کے بعد کامیابی کے ساتھ چھوڑا۔ اس راکٹ کے ذریعہ پہلی مرتبہ کمرشیل سٹلائیٹس چھوڑے گئے جن کا وزن 5400 کیلو تھا۔ گلوبل سیٹ کام کمپنی ون ویب کے 36چھوٹے براڈبینڈ مواصلاتی سٹلائیٹس کو ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب آندھراپردیش کے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے کل شب 12بجکر07منٹ پر چھوڑاگیا۔اس کے ساتھ ہی ایل وی ایم تری نے گلوبل کمرشیل لانچ سروس مارکٹ میں اپنا قدم رکھا۔اس راکٹ کو چھونے کے تقریبا 20 منٹ بعد یہ راکٹ کامیابی کے ساتھ 36 ون ویب سٹلائیٹس کو زمین کے مدار میں بھیجنے میں کامیاب رہا۔سٹلائیٹس چھوڑنے میں بھارتی ایرٹیل کا تعاون حاصل رہا ہے ۔ایل وی ایم ۔ 3 کی یہ پہلی تجارتی لانچ تھی۔راکٹ سے 16سٹلائیٹس کے پہلے بیچ کے علحدہ ہونے کے بعد جس کو سری ہری کوٹہ سے دیکھاگیا، اسرو صدرنشین ایس سومناتھ نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ 36سٹلائیٹس میں سے 16، توقع کے مطابق مدار میں داخل ہوگئے ۔یہ ایک سست عمل ہے ، ان کو علحدہ ہونے وقت درکار ہوگا، بقیہ 20سٹلائیٹس علحدہ ہوجائیں گے ۔انہوں نے اس کو تاریخی لانچ قراردیااورکہاکہ وزیراعظم مودی ایل وی ایم تری کو کمرشیل لانچ سروس مارکٹ میں لاناچاہتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ اگلے ایم تری مشن میں مزید36سٹلائیٹس چھوڑیگا۔