خلیج بنگال میں سمندری طوفان اکوان میں شدت

   

تلنگانہ کے بعض مقامات پر آج اور کل بارش کا امکان
حیدرآباد۔ 18 نومبر (یو این آئی) محکمہ موسمیات نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ خلیج بنگال کے جنوبی وسطی اور اس سے متصل مغربی وسطی حصے میں موجود سمندری طوفان ‘اکوان’ شدت اختیار کرکے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ یہ طوفان 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال۔شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چہارشنبہ کی صبح 8 بج کر 30 منٹ پر طوفان 12.9 ڈگری شمالی عرض البلد اور 85.4 ڈگری مشرقی طول البلد کے قریب مرکوز تھا۔ یہ چنئی سے تقریباً 570 کلومیٹر مشرق، وشاکھاپٹنم سے 580 کلومیٹر جنوب۔جنوب مشرق اور مچھلی پٹنم سے 590 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔ محکمہ موسمیات نے 20 نومبر کو بھدرادری کوتہ گوڑم اور کھمم اضلاع میں بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ اس کے علاوہ 19 اور 20 نومبر کو تلنگانہ کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔ اسی مدت کے دوران ریاست کے بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے تاہم اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اور 21 سے 24 نومبر تک ریاست میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے ۔ دریں اثنا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میدک میں کم سے کم درجہ حرارت 12.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔

ریاست میں درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری

حیدرآباد۔18۔نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے 29 اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سردی کی لہر کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے 29اضلاع میں گذشتہ 3یوم سے درجہ حرارت میں گراوٹ کے سبب شدید سردی کی لہر کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد میں آئندہ 2یوم کے دوران رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے نتیجہ میں سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ ماہرین موسمیات نے طوفان ’اکوان‘ کے اثرات کے نتیجہ میں تلنگانہ کے اضلاع میں شدید بارش کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’اکوان‘ کے رخ تبدیل کرنے کے سبب تلنگانہ کے اضلاع میں انتہائی موسلادھار بارشو ںکے امکان اب برقرار نہیں رہے۔ گذشتہ شب ریکارڈ کی جانے والی سردی کی لہر کے دوران سب سے کم درجہ حرارت سنگاریڈی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں مجموعی طو رپر درجہ حرارت 11.2 ڈگری سیلسیس رہا اسی طرح شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں اور پڑوسی ضلع رنگاریڈی میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ کے ساتھ 11.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا۔تیسرے نمبر کاماریڈی کا رہا جہاں درجہ حرارت 11.7 ڈگری سیلسیس رہا۔ وقار آباد میں درجہ حرارت 11.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ دیگر 25 اضلاع میں 12 تا 15ڈگری سیلسیس کے درمیان درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت میں مزید معمولی گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے اور اگر طوفان ’اکوان‘ کے اثرات مرتب ہوتے ہیں تو سردی کی لہر کا یہ سلسلہ مزید چند یوم جاری رہنے کا امکان ہے۔3