خواب دیکھنا اور اس کو پورا کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں

   


مگر دونوں ماں بیٹی نے خواب دیکھا اور اس کو شرمندہ تعبیر بھی کیا۔ ایس آئی کے عہدہ سے صرف ایک قدم دور
حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ماں صرف اپنے بچوں پر محبت ہی نچھاور نہیں کرتی بلکہ بچوں کیلئے بہت بڑی ہمت ہوتی ہے، ضرورت پڑنے پر بچوں کیلئے ڈھال بن جاتی ہے۔ بچوں کی خود اعتمادی بڑھانے میں اہم رول ادا کرتی ہے، قدم قدم پر ان کا ساتھ دیتی ہے۔ ضلع کھمم میں ماں کی حوصلہ افزائی کا تازہ واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ ماں اور بیٹی نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جو دوسرو ںکیلئے رول ماڈل بن گیا ہے۔ ہمارے یہاں ایسے کئی واقعات ہیں جہاں ایک ہی خاندان کے کئی ارکان نے سرکاری ملازمت حاصل کی ہے۔ ایسے واقعات بھی ہیں جہاں بیٹی کے اعلیٰ عہدیدار بن جانے پر باپ نے سلیوٹ کیا ہے۔ اس طرح باپ اور ماں و بیٹی کے ایک ہی وقت میں امتحان تحریر کرنے کے کئی واقعات بھی منظر عام پر آچکے ہیں۔ ضلع کھمم کی ایک ایسی ماں بیٹی ہیں جنہوں نے پولیس تقررات میں حصہ لیتے ہوئے ایس آئی جائیدادوں کیلئے پہلے تحریری اور بعد میں فزیکل ٹسٹس میں کوالیفائی ہوتے ہوئے ملازمت کے حصول کیلئے صرف ایک قدم دوری پر کھڑے ہیں ۔ اگر مینس امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو دونوں ماں اور بیٹی ایک ساتھ سب انسپکٹر آف پولیس کے عہدوں پر فائز ہوجائیں گے۔ ایک نوجوان لڑکی نے بحیثیت پولیس کانسٹبل خدمات انجام دینے والی اپنی ماں کو رول ماڈل بنایا اور سب انسپکٹر بننے کا عزم کرلیا اور اپنی خواہش کا اظہار اپنی ماں سے کیا۔ جس پر اس کی ماں نے نہ صرف اپنی بیٹی کی خواہش کا احترام کیا بلکہ اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے خود بھی ایس آئی بننے کی ٹھان لی ۔ماں اور بیٹی دونوں نے حال ہی میں منعقدہ ایس آئی کے پریلیمنری امتحان میں کوالیفائی کیا اس طرح فزیکل ٹسٹ میں کامیابی کیلئے دونوں نے تیاری کے دوران گراؤنڈ پر خوب محنت و مشقت سے ٹسٹ کی تیاری کی اور ایس آئی کے ایونٹس میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور دونوں کامیاب ہوگئے اور ایس آئی کی کرسی پر بیٹھنے کیلئے صرف ایک قدم پیچھے ہیں۔ اس طرح ماں اور بیٹی کو سرکاری ملازمت حاصل کرنے کیلئے ایک ساتھ تیاری کرنا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ ضلع کھمم کے چنارم گاؤں کی ٹی ناگمنی اور ان کی دختر ترلوکنی کی یہ ایک کامیاب داستان ہے جو سب کو متاثر کررہی ہے۔ ناگمنی ضلع ملگ میں بحیثیت کانسٹبل خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس سے پہلے ناگمنی محکمہ پولیس میں ہوم گارڈ کی طرح خدمات انجام دے چکی ہیں لیکن ترقی کرنے کا جذبہ ناگمنی میں کوٹ کوٹ کر بھرا تھا۔ ماضی میں جاری کردہ پولیس نوٹیفکیشن میں وہ بھی بطور پولیس کانسٹبل منتخب ہوگئیں۔ اس دوران ناگمنی کی دختر ترلوکینی نے ڈگری کی تعلیم مکمل کرلی۔ ماں کو دیکھ کر بڑی ہونے والی لڑکی نے ماں کی طرح پولیس آفیسر بننے کا عزم کیا۔ بیٹی کی خواہش دیکھ کر ماں نے اس کی مکمل حوصلہ افزائی کی۔ چند ماہ قبل ایس آئی کی جائیدادوں کیلئے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ماں اور بیٹی دونوں نے درخواستیں داخل کی۔ یہی نہیں دونوں نے ہر امتحان کیلئے جی جان کی کوشش کی اور پریلیمنری اور فزیکل ٹسٹوں کیلئے کوالیفائی ہوگئیں اور مینس امتحان کی تیاری میں مصروف ہوگئیں۔ ماں اور بیٹی دونوں ایس آئی کی نوکری حاصل کرنے کے معاملے میں پوری طرح پُرامید ہیں۔ نتیجہ کچھ بھی ہو مگر ماں اور بیٹی کا جذبہ اور محنت ساری خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔ ن