ریاپیڈو ، بائیک ٹیکسی سرویس کمپنی سے معاہدہ ، 3 ماہ تک کوئی چارجس نہیں
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش میں حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ’ ریاپیڈو ‘ بائیک ٹیکسی سرویس کمپنی سے معاہدہ کیا ۔ جس کے تحت سیلف ہیلپ گروپ کی ارکان جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے انہیں ای بائیکس اور ای آٹوز فراہم کئے جائیں گے ۔ ریاپیڈو کے ذریعہ خواتین گاڑیاں چلا کر ذریعہ آمدنی پیدا کریں گی ۔ ابتدائی طور پر حکومت وشاکھا پٹنم اور وجئے واڑہ میں 400 ای بائیکس اور ای آٹوز فراہم کریں گے ۔ جس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے دیگر شہروں جیسے کاکناڈا ، راجمندری ، گنٹور ، نیلور ، تروپتی اور کرنول میں مزید 200 گاڑیاں فراہم کریں گے ۔ ای گاڑیاں خریدنے کے لیے مدرا اسکیم اور دیگر خود روزگار پروگراموں کے تحت قرض فراہم کریں گے ۔ ریاپیڈو سے کئے گئے معاہدہ کے مطابق خواتین کو ابتدائی تین ماہ تک کوئی چارجس ادا نہیں کرنے پڑیں گے ۔ تین ماہ کے بعد انہیں ہر ماہ صرف ایک ہزار روپئے ہی ادا کرنے ہوں گے ۔ کمپنی نے بھی خواتین کو ہر ماہ کم از کم 300 بکنگ فراہم کرنے کا تیقن دے چکی ہیں جس سے خواتین اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں ۔ آندھرا پردیش حکومت کی اس اسکیم سے خواتین خود روزگار حاصل کریں گی اور اپنے خاندان کی پرورش میں اہم کردار ادا کریں گی ۔۔ ش