خواتین کے ریزرویشن پر ’سیاسی ڈرامہ‘ بی جے پی پر الزام

   

بھونیشور، 27 اپریل (یو این آئی) اڈیشہ میں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر خواتین کے ریزرویشن بل کو لے کر ’’سیاسی ڈرامہ‘‘کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمراں پارٹی اس معاملے پر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے ۔بی جے ڈی کی راجیہ سبھا ایم پی سلتا دیو اور سینئر جنرل سکریٹری لیکھا شری سامنت سنگھار نے بی جے پی کے اس اقدام پر سخت تنقید کی، اسے جھوٹا پروپیگنڈہ قرار دیا اور اس پر خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حلقہ بندی کے عمل کو آگے بڑھانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دلیل دی کہ اگر بی جے پی واقعی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے تو اسے 543 اراکین پارلیمنٹ کے درمیان 33 فیصد ریزرویشن کو فوری طور پر نافذ کرنا چاہیے ۔سلتا دیو نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل کو ’ناری شکتی وندن ایکٹ، 2023‘ کے طور پر پیش کیا گیا تھا اور وہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے پاس ہو چکا ہے اور اسے صدر جمہوریہ کی منظوری بھی مل چکی ہے ۔ اس کے باوجود اسے 2024 کے عام انتخابات کے دوران نافذ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اب ملک گیر احتجاجی مظاہرے منعقد کرتے ہوئے تاخیر کیلئے اپوزیشن کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہی ہے۔