خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ رائس ملز اور گوداموں کے قیام کا اعلان

   

سولار پاور پلانٹس کا قیام اور آر ٹی سی بسیں کرایہ پر، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اندرا مہیلا شکتی پالیسی جاری کی
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیاکہ حکومت خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو رائس ملز اور ویئر ہاؤزیز کے قیام کی اجازت دے گی تاکہ رائس ملز اور گوداموں کی نگرانی خواتین کے ساتھ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر منڈل ہیڈکوارٹر پر مہیلا سیلف ہیلپ گروپس کو یہ ذمہ داری دی جائے گی۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر چیف منسٹر پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں اندرا مہیلا شکتی کے عنوان سے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ آئی کے پی مراکز کے ذریعہ مہیلا گروپس کو گوداموں میں دھان کی ذخیرہ اندوزی کی ذمہ داری دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ فوڈ کارپوریشن اور حکومت مہیلا گروپس سے دھان کی خریدی کریگی۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیاکہ بعض رائس ملرس چاول کی ذخیرہ اندوزی کے ذریعہ بدعنوانیوں میں ملوث ہیں اور آئی کے پی مراکز سے دھان کی خریدی کی تفصیلات برسر عام نہیں کررہے ہیں۔ ملرس کی بے قاعدگیوں کو روکنے حکومت نے ہر زون میں مہیلا گروپس کو رائس ملز کے قیام اور گوداموں کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت سے نہ صرف اراضی فراہم کی جائے گی بلکہ مل اور گودام کی تعمیر کیلئے ضروری قرض فراہم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنے کے عہد کا اعادہ کیا اور کہاکہ خواتین کے گروپس کی معاشی ترقی کے ذریعہ یہ ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقامتی اسکولوں اور کالجس میں تغذیہ بخش غذاؤں کی سربراہی کا کام بھی مہیلا گروپس کو دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے پالیسی تیار کرنے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی۔ ریونت ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت پر تنقید کی اور کہاکہ سابق حکومت نے خواتین کے گروپس کو نظرانداز کردیا تھا۔ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد مہیلا گروپس نے راحت کی سانس لی ۔ ایک سال میں مہیلا گروپس کے حق میں حکومت نے کئی فیصلے کئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سرکاری اقامتی اسکولوں کے طلبہ کے ڈریس کی تیاری کی ذمہ داری مہیلا گروپس کو دی گئی ہے اور سلائی کی قیمت کو 25 روپئے سے بڑھاکر 75 روپئے کیا گیا ۔ تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس پر اندرا مہیلا شکتی سنگم بلڈنگس کی تعمیر کیلئے 25 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ مہیلا گروپس کے ذریعہ سولار پاور جنریشن پلانٹس قائم کئے جارہے ہیں جو ملک میں اڈانی اور امبانی گروپس سے مسابقت کریں گی۔ سولار پلانٹس کے ذریعہ ایک ہزار میگاواٹ برقی کی تیاری کا منصوبہ ہے اور حکومت برقی خریدی کا معاہدہ مہیلا گروپس سے کریگی۔ اُنھوں نے آر ٹی سی بسوں کو مہیلا گروپس کو لیز پر دینے کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ایک ہزار بسوں اور 150 الیکٹرک بسوں کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہائی ٹیک سٹی کے قریب مہیلا گروپس کو 150 دوکانات الاٹ کئے گئے جہاں وہ اپنے پراڈکٹس کو فروخت کرپائینگی۔ بین الاقوامی مارکٹ میں مہیلا گروپس کے پراڈکٹس کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے پراڈکٹس پر ٹیکس سے استثنیٰ اور میٹریل کی خریدی کیلئے قرض کا تیقن دیا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ وہ خواتین کیلئے ایک بھائی کی حیثیت رکھتے ہیں اور معاشی خود مکتفی بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ویمنس گروپس کے 65 لاکھ ارکان کو 21 ہزار کروڑ کا بلاسودی قرض فراہم کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جس طرح اندرا گاندھی کو خواتین اماں اور این ٹی آر کو انّا کہہ کر پکارتے ہیں اُسی طرح موجودہ نسل ریونت انّا سے اُنھیں مخاطب کررہی ہے اور وہ ہر خاندان کیلئے بھائی کی طرح اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ چیف منسٹر نے اندرا مہیلا شکتی مشن 2025 پالیسی جاری کی۔ اُنھوں نے مہیلا گروپس میں 44 کروڑ 80 لاکھ کے قرض سے متعلق چیکس تقسیم کئے۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزراء اتم کمار ریڈی، پی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، سریدھر بابو، کنڈہ سریکھا، سیتکا، جوپلی کرشنا راؤ و دیگر نے شرکت کی۔ 1