خود کو این آر آئی ظاہر کرنے والا دھوکہ باز نائیجریائی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 17مئی ( سیاست نیوز) این آر آئی سے شادی کا فیصلہ ایک خاتون کیلئے مہنگا ثابت ہوا ۔ نائیجریائی باشندوں کی جعلسازی کا شکار خاتون نے لاکھوں روپئے گنوا دیئے ۔ انسداد دہشت گردی سرٹیفیکٹ کے نام پر خاتون کے لاکھوں روپئے لوٹنے کا واقعہ منظر عام پر آیا ۔ شکایت کے بعد فوری حرکت میں آتے ہوئے رچہ کنڈہ سائبر کرائم نے ایک نائیجریائی باشندے کو اتم نگر دہلی سے گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور دھوکہ باز کو نوٹس جاری کی گئی ۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ امارافنی ساکن اتم نگر دہلی متوطن نائیجریا کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 32 سالہ آدی کے فنچ کو دفعہ 41 سی آر پی سی کے تحت نوٹس جاری کی گئی ۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے دہلی پہنچ کر امارافنی کو گرفتار کیا اور ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ خاتون نے ایک سائیٹ پر شادی کیلئے تفصیلات درج کیا تھا ۔ اس خاتون کو ایک پیغام ملا جس نے خود کو این آر آئی ظاہر کیا اور دونوں میں بات چیت شروع ہوئی ۔ اس دھوکہ باز نے خاتون کو بتایا کہ وہ انڈیا آکر شادی کریگا ۔ چند روز بعد متاثرہ خاتون کو ایک فون کال حاصل ہوا جس میں فون کرنے والے خود کو دہلی ایرپورٹ اتھاریٹی سے ظاہر کیا اور بتایا کہ ایک این آر آئی شخص دہلی ایرپورٹ پہنچا ہے جسکے پاس کثیر مقدار میں بیرونی کرنسی ہے اور اس کیلئے انسداد دہشت گردی کلیرنس سرٹیفیکٹ ، منشیات اور انٹرنیشنل ویکسنیشن سرٹیفیکٹ ضروری ہے ۔ اس بات پر خاتون نے ایک بڑی رقم ٹرانسفر کی جس کے بعد اس خاتون کا رابطہ منقطع کردیا گیا ۔ پولیس میں شکایت کے بعد کارروائی کرکے پولیس نے دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ ع