نارائن پیٹ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ، ڈاکٹر ملک ارجن اور دیگر کا خطاب
نارائن پیٹ۔ نیشنل بلڈ ڈونیشن ڈے ’ یوم قومی خون کا عطیہ ‘ کے موقع پر آج ضلع ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل نارائن پیٹ میں ریڈ کراس سوسائٹی نارائن پیٹ کی جانب سے خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح ریونیو ڈیویژنل آفیسر نارائن پیٹ مسٹر وینکٹیشورلو نے کیا۔ مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر ملک ارجن سپرنٹنڈنٹ ضلع ہاسپٹل، مسٹر آتما رام ایکڈے اور مسٹر سدرشن ریڈی ضلع کنوینر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی نارائن پیٹ نے شرکت کی۔ اس کیمپ میں زائد از 20 نوجوانوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا۔ محمد یوسف تاج سماجی کارکن نے خون کے عطیہ کیمپ میں ہمیشہ کی طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خون کا عطیہ دیا جس کی منتظمین نے زبردست ستائش کی۔ اس موقع پر مسٹر سدرشن ریڈی ضلع کنوینر انڈین ریڈ کراس سوسائٹی نارائن پیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک ایک قطرہ خون انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے۔ جو لوگ بھی اس کیمپ میں اپنے قیمتی خون کا عطیہ دے رہے ہیں دراصل وہ ایک ایک انسانی جان کو بچانے میں مدد کررہے ہیں جس کا بدلہ انہیں اس دنیا اور آنے والی دنیا میں ملتا رہے گا۔ مسٹر ایکڈے آتما رام نے خون کا عطیہ دینے والے تمام نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں محلول اور مشروبات کا عطیہ دیا۔