خیرت آباد میں سب سے زیادہ جائیداد ٹیکس کی وصولی

   

چارمینار زون میں سب سے کم، آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف

حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں خیریت آباد زون کی جانب سے سب سے زیادہ جائیداد ٹیکس ادا کیا جاتا ہے جبکہ چارمینار زون سے سب سے کم جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ آر ٹی آئی کے ایک جواب میں یہ انکشاف کیا گیا۔ کوکٹ پلی، سکندرآباد، سیری لنگم پلی اور ایل بی نگر زونس بھی زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے زونس ہیں۔ گذشتہ برسوں بالخصوص کورونا وبا کے دوران کے مقابل جائیداد ٹیکس وصولی میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے شہر کے انفراسٹرکچر پراجکٹس جیسے پارکس، سڑکوں اور کمرشیل بلڈنگس کے مینٹیننس وغیرہ کیلئے جائیداد ٹیکس کی وصولی کی جاتی ہے۔ جی ایچ ایم سی کو 2018-19ء میں 1295 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس آمدنی ہوئی اور 2019-20ء میں 1362 کروڑ روپئے اور 2020-21 اور 2021-22ء میں جائیداد ٹیکس سے بالترتیب 1730 کروڑ، 1493 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے رہائشی اور کمرشیل دونوں جائیدادوں پر جائیداد ٹیکس عائد کیا جاتا ہے اور اس سے ہونے والی آمدنی شہر کی سڑکوں، پارکس اور دیگر انفراسٹرکچر کے مینٹننس وغیرہ پر خرچ کی جاتی ہے۔ آر ٹی آئی جہدکار اور yourti.in کے پراجکٹ منیجر، کریم انصاری نے جی ایچ ایم سی زونس اور ان سے وصول ہونے والے جائیداد ٹیکس کی رقم کو پیش کیا ہے۔