دیوبند: اتر پردیش حکومت کے ذریعہ خود مختار مدارس اسلامیہ کا سروے کرائے جانے کے سلسلہ میں جو صورتحال سامنے آئی ہے اس کے پیش نظر دارالعلوم دیوبند نے 24 ستمبر کو بلائے گئے اجلاس کی تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے اب 18ستمبر کر دیا ہے۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے آج اعلانیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند حالات کے پیش نظر اب یہ اجلاس 18 ستمبر کو مسجد رشید میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند ابھی میڈیا کے سامنے اس سلسلہ میں اپنا کوئی واضح موقف نہیں رکھنا چاہتا۔ مدارس کے اجلاس میں اتفاق رائے سے جو فیصلہ ہوگا اس کے بعد موقف واضح کیا جائے گا۔
واضح ہو کہ حکومت اتر پردیش 11ستمبر سے غیر سرکاری اور خود مختار مدارس کا سروے شروع کرنے جا رہی ہے اور اس کے لئے انہوں نے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دارالعلوم دیوبند نے اسی کے پیش نظر اپنے اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔