پرتاپ گڑھ: دینی تعلیم میں دارالعلوم دیوبند پوری دنیا میں صحیح اسلامی عقیدے کو فروغ دے رہا ہے ،جس کی بدولت آج پوری دنیا میں مدارس و مکاتب کا جال پھیلا ہوا ہے ۔دارالعلوم دیوبند علوم اسلامیہ جس عظیم خدمات کا انجام دے رہا ہے ،وہ تاریخ کا ایک ناقابل فراموش حصہ ہے ۔دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مفتی محمد راشد اعظمی یہاں قصبہ کٹرہ میدنی گنج واقع مدرسہ جامعتہ صالحات نسواں میں اہتمام جشن ختم بخاری شریف کی صدارت کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔مفتی راشد اعظمی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا عالمی پیمانے پر فریضہ انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے طالبات کو بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے کہا کہ مدرسہ جامعتہ صالحات میں اعلی دینی تعلیم عالمہ ،فاضلہ کا بہترین نظم ہے ،اور ہر سال 75-70 طالبات فارغ ہو رہی ہیں ،یہ بھی دارالعلوم دیوبند کا بالواسطہ فیض ہے ۔لندن سے آئے ہوئے مہمان مفتی برکت اللہ قاسمی نے حدیث کے متعلقہ میں تفصیل سے روشنی ڈالی ۔مولانا خورشید احمد قاسمی نے سیرت النبی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنا ہر کام سنت کے بموجب کرنے ،اور زندگی سنت کے راستہ پر بسر کرنے کی ضرورت ہے . پروگرام کا اختتام مفتی راشد اعظمی کی دعا پر ہوا ۔مدرسہ کے مہتمم مفتی جمیل الرحمن قاسمی نے مہمانوں و حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد عمران قاسمی نے انجام دیا ۔اس موقع پر خصوصی طور سے مدرسہ کے منیجر و پیس پارٹی کے قومی نائب صدر ڈاکٹر عبدالرشید انصاری ،مفتی حبیب الرحمن قاسمی وغیرہ علماکرام موجود رہے ۔