داعش عراق میں اب بھی ایک خطرہ ہے :امریکی سفیر

   

بغداد :بغداد میں امریکی سفیر ایلینا رومانوسکی نے کہا ہے کہ داعش عراق میں اب بھی ایک خطرہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ روس میں داعش کا حملہ ہمیں ہر جگہ اس تنظیم کو شکست دینے کی ضرورت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے میڈیاکے ساتھ ایک انٹرویو میں مزید کہا کہ تنظیم کو مکمل طور پر شکست دینے کے لیے عراق کے ساتھ امریکی قیادت میں فوجی اتحاد کا کام ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔بغداد میں امریکی سفارت خانے سے رومانوسکی نے کہا کہ ہم دونوں سمجھتے ہیں کہ داعش اب بھی یہاں ایک خطرہ ہے ، اگرچہ اس میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم ہم نے بنیادی طور پر اپنا کام مکمل نہیں کیا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ عراقی افواج داعش کو شکست دینا جاری رکھ سکیں۔سفیر نے یہ بات داعش خراسان شاخ کی جانب سے جمعہ کو روس میں ایک کنسرٹ ہال پر حملہ جس میں 143 افراد ہلاک ہوگئے تھے، کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا یہ واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے، آئی ایس آئی ایس ایک مشترکہ دہشت گرد دشمن ہے جسے ہر جگہ شکست دینے کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور عراق داعش کی دیرپا شکست کو یقینی بنانے کے لیے ایک عہد کا اشتراک کرتے ہیں۔