دانشوروں اور صحافیوں پر فرضی مقدمات کے خلاف احتجاج

   

نریندر مودی پر فاشسٹ طرز حکمرانی کا الزام، محبوب نگر میں مقررین کا خطاب

محبوب نگر۔ کمیونسٹ پارٹی ( سی پی ایم ) اور ضلع آواز کمیٹی محبو ب نگر کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا تھا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کے دانشوروں اور صحافیوں پر فرضی مقدمات اور انہیں جیلوں میں منتقل کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ کلکٹریٹ کے روبرو ہوئے اس مظاہرے میں کمیونسٹ پارٹی کے سکریٹری راملو اور گرو مورتی نے مشترکہ طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نریندر مودی کی قیادت میں فاشسٹ طرز کی حکمرانی کررہی ہے۔ دونوں قائدین نے مشہور صحافیوں تیستا سیتلواد، محمد زبیر کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے کر جیل منتقل کرنے پر شدید مذمت کی۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ دستور کو پامال کررہی ہے۔ صحافی جب انصاف کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہیں تو حکومت اپنے زور پر انہیں گرفتار کرتی ہے۔ 2000 ء کے گجرات کے ناقابل فراموش خونین فسادات میں بے شمار جانیں تلف ہوئیں جن میں احسان جعفری ایم پی بھی شامل تھے۔ ان کی اہلیہ اور تیستا سیتلواد نے کورٹ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔ مودی اور امیت شاہ نے گھبراکر انہیں گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔د وسری طرف بی جے پی ترجمان کے مذہبی منافرت پھیلانے والے ریمارکس کے نتیجہ میں سارے ملک کے حالات خراب ہوئے تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ مقررین نے بلا تاخیر تیستا سیتلواد اور محمد زبیر سمیت زیر حراست تمام دانشوروں، سماجی کارکنوں اور صحافیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر آواز کمیٹی کے عبدالقیوم ، غوثیہ، نواب خان، مانک راؤر اور دیگر موجود تھے۔