ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کو ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کاسکر سے منسلک متعدد مقامات پر منی لانڈرنگ کے سابقہ متعلقہ معاملے میں چھاپے مارے ۔داؤد کی بہن حسینہ پارکر کی رہائش گاہ سمیت ممبئی اور اطراف کے علاقے ہیں جہاں ای ڈی نے آج کارروائی کی اور مافیا ڈان کے کالے دھن کے متعلق معلومات اکٹھا کئے۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ ایجنسی نے آج صبح داؤد کی بہن حسینہ پارکر کے گھر پر چھاپہ مارا اور کئی قابل اعتراض دستاویزات برآمد کیں۔ ذرائع کے مطابق ایجنسی نے مہاراشٹرا کے کچھ سیاستدانوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان سیاستدان کا انڈر ورلڈ سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ ممبئی اور ملحقہ علاقوں میں 10 مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ان کا تعلق داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھیوں کے سابقہ منی لانڈرنگ کیس سے ہے ۔ایک پراپرٹی ڈیل کی تفتیش جاری ہے ، جس میں مہاراشٹر کا ایک سینئر سیاستدان بھی مبینہ طور پر دوسروں کے ساتھ ملوث ہے ۔ ای ڈی سیاست دانوں اور داؤد کے مبینہ معاونین کے پیسے کے لین دین کی بھی جانچ کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے ۔داؤد اب بھی اپنے دلالوں کے ذریعے جائیداد کے کاروبار کو کنٹرول کر رہا ہے ۔ اسے اور اس کے ساتھیوں کو حوالا نیٹ ورک کے ذریعے رقم بھیجی جاتی ہے ۔ یہ رقم مبینہ طور پر مختلف دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے پورے ہندوستان میں ملک دشمن اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو پھیلانے کیلئے استعمال کی جا رہی ہے۔