دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوہفتہ میں مکمل گنجائش کیساتھ دوبارہ شروع ہوگا

   

دبئی : دبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈادوہفتے میں اپنے بند حصوں کو دوبارہ کھول دے گا۔اس طرح وہ کوویڈ۔19 کی وَبا کے آغازکے بعد پہلی مرتبہ پوری گنجائش کے ساتھ دوبارہ کام شروع کردے گا۔ الامارات ائیرلائن کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید نے دبئی ایئرشو سے دوہفتے قبل ایک پریس بریفنگ میں یہ اعلان کیا ہے۔دبئی فضائی شو14 نومبر کومنعقد ہوگا۔دبئی کا ہوائی اڈا دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سرفہرست ہے۔دبئی شہر میں سیاحوں کے عروج کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی بین الاقوامی مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ ہورہا ہے۔یہ سیاحتی موسم آئندہ سال مارچ تک جاری رہے گا۔اس کے علاوہ دبئی ایکسپو2020 اور ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کررہا ہے، لہٰذا یہ توقع کی جاتی ہے کہ آیندہ دنوں اورمہینوں میں مزید سیاح اورکرکٹ کے کھیل کے شائقین دبئی کا رخ کریں گے۔شیخ احمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارت نے کوویڈ۔19 کی وَبا سے نمٹنے کی مہم میں عوام کی صحت اورفلاح وبہبود کے تحفظ کواولین ترجیح دی ہے اوربحران کے ملکی معیشت پراثرات کو کم سے کم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔