پریشان حال خاندانوں کی ہر ممکن مدد کا تیقن
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے سرسلہ سے تعلق رکھنے والے 4 افراد سے ملاقات کی جو متحدہ عرب امارات میں 18 سال جیل کی سزا کے بعد وطن واپس ہوئے ہیں۔ سرسلہ کے پیدور گاؤں سے تعلق رکھنے والے خلیج کے یہ متاثرین نے کے ٹی راما راؤ کو قید و بند کی صعوبتوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ملازمت میں مواقع کے کمی کے نتیجہ میں وہ دبئی جانے پر مجبور ہوئے تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں لیکن ان میں تلنگانہ کے ورکرس کو موقع نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ورکرس دبئی اور دیگر ممالک میں کام کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے لکشمن نامی شخص سے گذشتہ چار ماہ کے دوران گھر کے حالات اور خاندان کی کفالت کے بارے میں دریافت کیا۔ متاثرین نے کہا کہ خلیج کے متاثرین پر ایک فلم تیار کی جاسکتی ہے جس سے دیگر افراد کو سبق حاصل ہوگا کہ ملازمت کیلئے دیگر ممالک میں کیا دشواریاں ہیں۔ کے ٹی آر نے تیقن دیا کہ وہ متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دیگر ریاستوں کے 34 لاکھ افراد ملازمت کررہے ہیں۔ متاثرین نے بی آر ایس حکومت کی مساعی سے دبئی کی جیل سے رہائی پر کے ٹی آر سے اظہار تشکر کیا۔ کے ٹی آر نے بچوں کی تعلیم کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کی طرز پر تلنگانہ میں این آر آئی پالیسی پر عمل کیا جانا چاہیئے جس کے تحت متاثرین کی ہرممکن مدد کی جاسکتی ہے۔1