دبئی میں پھنسے تلنگانہ ورکرس کی وطن واپسی کے اقدامات

   

چیف منسٹر کو کانگریس کا مکتوب، این آر آئی اسوسی ایشن کو اجازت کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور این آر آئی سیل کے صدرنشین ڈاکٹر ونود کمار نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دبئی میں پھنسے ہوئے تلنگانہ مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کے اقدامات کی اپیل کی۔ ان قائدین نے مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کے سلسلہ میں انڈین اسوسی ایشن شارجہ کو اجازت دینے کی درخواست کی تاکہ دبئی میں پھنسے ہوئے ورکرس کی واپسی کا انتظام ہو۔ خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے تلنگانہ ورکرس کی واپسی کے سلسلہ میں حکومت ہند کی جانب سے خصوصی پروازوں کا آغاز کیا گیا ۔ لیکن اس مہم میں غریب مزدوروں کو نظر انداز کردیا گیا۔ غریب مزدور روزگار اور تنخواہوں سے محرومی کے سبب سڑک پر آچکے ہیں اور ان کے لئے غذا کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ بعض رضاکارانہ تنظیمیں اور اہل خیر افراد نے غذا اور شیلٹر کا انتظام کیا ۔ انڈین اسوسی ایشن شارجہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے ورکرس کی مدد کی جارہی ہے ۔ کیرالا حکومت نے اسوسی ایشن کو مختلف شہروں سے چارٹرڈ فلائیٹ چلانے کی اجازت دی ہے۔ کیرالا کی طرز پر تلنگانہ کے مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کے سلسلہ میں شارجہ اسوسی ایشن کو اجازت دی جائے گی جو اپنے خرچ پر واپسی کا انتظام کرنے تیار ہے۔