دبئی میں کیرالا کے شخص کو 27 لاکھ ڈالر کا انعام

   

دبئی ۔10 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے والے کیرالا کے 43سالہ شخص کو یہاں منعقدہ ایک حالیہ ریفل ڈرا میں زائد از 27 لاکھ امریکی ڈالر کا انعام حاصل ہوا ۔ تھرواننتاپورم سے تعلق رکھنے والے عبدالسلام شاہنواز نے خلیج ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر میں 50 سال تک مسلسل ملازمت کرتا تو بھی اس حد تک کثیر رقم نہیں کماسکتا تھا ‘‘۔ شاہنواز نے مزید کہاکہ ’’ میں 1999ء میں یہاں خالی ہاتھ آیا تھا لیکن میری توقعات بہت زیادہ تھیں ۔ میں نے ڈرائیور کا لائیسنس نکالا اور گاڑی چلانا شروع کیا جس کے باوجود کچھ رقم بچا نہ سکا ۔ بعد ازاں گھریلو ڈرائیور کی حیثیت سے ابوظہبی منتقل ہوا اور اب میری تنخواہ 2,500 درہم (650 امریکی ڈالر ) ہے ۔ شاہنواز کو ’’مال ملینئر ‘ ریفل سے یہ انعام حاصل ہوا ہے اور اس ڈرا میں شامل ہونے کیلئے اس کو 94 امریکی ڈالر خرچ کرنا پڑا تھا ۔