نئی دہلی، 28 مئی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے روز دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے ) کو دہلی ریج علاقے میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی سے متعلق توہین عدالت کے مقدمے میں بری کر دیا، اس کے ساتھ ہی ہر قصوروار افسر کو 25 ہزار روپے کا جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس این کے سنگھ کی بنچ نے یہ فیصلہ سناتے ہوئے درختوں کے نقصان کی تلافی کے لیے ہدایات بھی دیں۔ بنچ نے ڈی ڈی اے کے سابق وائس چیئرمین سبھاشیش پانڈا کو بھی راحت دی اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بند کردی۔ عدالت عظمی نے انہیں راحت دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ اس عہدے (وائس چیئرمین) پر فائز نہیں ہیں اور پہلے بھی کل وقتی رکن نہیں تھے ۔ بنچ نے کہا کہ اگرچہ اس حساس معاملے میں توہین عدالت کا ارتکاب کیا گیا ہے ، لیکن قصوروار ڈی ڈی اے اہلکاروں پر کچھ مالی جرمانہ عائد کرنے کے بعد کیس کو بند کیا جا سکتا ہے ۔