گاندھی بھون میں تقریب، مانک راؤ ٹھاکرے ، ریونت ریڈی، محمد علی شبیر، اتم کمار ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/22 جنوری،( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے بارگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کیلئے خصوصی غلاف روانہ کیا گیا۔ تلنگانہ امور کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے گاندھی بھون میں غلاف مبارک کو کانگریس کے اقلیتی قائدین کے حوالے کیا تاکہ اسے عرس کے موقع پر پیش کیا جاسکے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید، سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ، ترجمان پردیش کانگریس سید نظام الدین اور دیگر اقلیتی قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ حضرت غریب نوازؒ کے 811 ویں عرس شریف کے موقع پر خصوصی چادر پیش کی جائے گی اور ملک میں امن وامان اور عوامی بھلائی کے حق میں دعا کی جائے گی۔ اس موقع پر سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ ہر سال عرس شریف کے موقع پر بھائی چارہ اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ دنیا بھر سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے زائرین شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ 3500 کیلو میٹر پیدل چلتے ہوئے ملک میں اتحاد اور امن کا پیام پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر راہول گاندھی کی یاترا کا اختتام ہورہا ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ چادر کی پیشکشی کے بعد تلنگانہ میں عوام کی بھلائی، امن و امان اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ ر