درگاہ میر محمودؒ راجندر نگر کی اراضی کا تحفظ

   

غیر مجاز قابضین کیخلاف وقف بورڈ کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرت میر محمود صاحبؒ راجندر نگر کی اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں غیر مجاز قابضین کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی ہے۔ مقامی افراد نے وقف بورڈ کو شکایت کی تھی کہ سروے نمبر 329 کے تحت عطاپور ولیج راجندر نگر منڈل میں واقع اوقافی اراضی پر ناجائز قابضین کی نظریں ہیں۔ اے پی گزٹ نمبر 6-A مورخہ 2 ستمبر 1989 ء میں یہ اراضی بحیثیت وقف درج ہے۔ مقامی غیر مجاز قابضین اراضی پر قبضہ کرنے کے لئے وہاں ایک بورڈ آویزاں کرچکے ہیں جس پر درگاہ میر محمودؒ ٹرسٹ محمود بازار تحریر ہے حالانکہ یہ درگاہ کے تحت وقف اراضی ہے نہ کہ کسی ٹرسٹ کی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے 13 مارچ کو پولیس راجندر نگر میں اِس سلسلہ میں شکایت درج کی۔ اُنھوں نے اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اراضی کی باؤنڈری وال کی تعمیر کے لئے پولیس تحفظ فراہم کرنے کی خواہش کی۔ اِسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے پولیس پروٹیکشن میں باؤنڈریز کی نشاندہی کریں۔ اُنھوں نے وہاں نصب کردہ بورڈ کو فوری نکالنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ اوقافی اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں سخت قدم اُٹھائے جائیں گے۔ مذکورہ اراضی کا تحفظ وقف بورڈ کی اوّلین ترجیح میں شامل ہے۔