دریائے جمنا میں کروز چلانے کا جدید منصوبہ

   

متھرا : اتر پردیش کے افسانوی شہر متھرا میں مرکزی حکومت نے سڑک پر ٹریفک جام کے متبادل کے طور پر دریائے جمنا میں پانی کا راستہ تیار کرنے اور اس میں کروز اور اسٹیمر چلانے کا ایک جدید منصوبہ بنایا ہے ۔ اتر پردیش برج تیرتھ وکاس ٹرسٹ کے سی ای او ناگیندر پرتاپ نے جمعہ کو بتایا کہ آبی راستے پر کروز چلانے کے بعد آگرہ جانے والے سیاح متھرا میں ایک رات آرام کر سکتے ہیں۔ اس اسکیم سے گوکل بیراج کا بہتر استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی برج تیرتھ وکاس ٹرسٹ نے مرکزی حکومت کی اس اسکیم کو نافذ کرنے کی ذمہ داری لی ہے ۔مسٹر پرتاپ نے بتایا کہ کنسلٹنٹ کمپنی ایک ماہ میں اس اسکیم کا ڈی پی آر تیار کرے گی۔ اس پروجیکٹ میں کروز جگل گھاٹ سے شروع ہو کر کے سی گھاٹ، دیورہا گھاٹ، متھرا کے وشرام گھاٹ وغیرہ سے ہوتے ہوئے گوکل بیراج تک جائے گی۔ گوکل جانے والے تمام مسافر گوکل بیراج سے پہلے خوبصورت واسودیو واٹیکا پر اتریں گے اور وہاں سے گوکل جائیں گے ۔سی ای او نے کہا کہ اس راستے پر واسودیو واٹیکا اپنے آپ میں ایک بڑا پرکشش مرکز بنے گا۔ وراج تیرتھ وکاس ٹرسٹ نے واٹیکا کی تخمینہ لاگت 50 کروڑ روپے مقرر کی ہے ۔