دستاویز کے افشا کا محکمہ جاتی جائزہ لینے کا حکم

   

واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے محکمہ دفاع کو خفیہ دستاویزات کے آن لائن لیک ہونے کے پیش نظر مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لئے محکمہ جاتی جائزہ لینے کا حکم دیا ہے ۔ آسٹن نے جمعرات کو کہا ‘‘بطور سکریٹری دفاع، میں اپنے ملک کی خفیہ معلومات کے تحفظ کیلئے ضروری اضافی اقدامات کرنے سے بھی دریغ نہیں کروں گا۔ اسی مناسبت سے ، میں اس قسم کے واقعے کو دوبارہ ہونے سے روکنے کیلئے اپنی کوششوں سے آگاہ کرنے کے واسطے ایک محکمانہ جائزہ لینے کی ہدایت دے رہا ہوں۔’’اس سے قبل، امریکی پولیس نے ایک ایئر نیشنل گارڈز مین کو یوکرین اور اس کے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ امریکی تعلقات کے بارے میں خفیہ معلومات کے افشاء کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ آسٹن نے گرفتاری کیلئے محکمہ انصاف کی تعریف کی اور اس کی تحقیقات میں محکمہ دفاع کے مکمل حمایت اور تعاون کا وعدہ کیا۔