دستور میں سماجی انصاف ، مساوات کو کلیدی اہمیت

   

کاماریڈی میں ڈاکٹر امبیڈکر کی یوم پیدائش تقریب سے ضلع کلکٹر آشیش سنگوان کا خطاب
کاماریڈی۔14 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع شیڈیولڈ کاسٹس ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام بھارت کے عظیم معمار دستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 135ویں جینتی کے موقع پر ضلع مستقر کے میونسپل آفس احاطہ میں شاندار تقاریب منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹرکاماریڈی آشیش سنگوان نے امبیڈکر کی تصویر اور مجسمہ پر پھول مالا چڑھا کر شمع روشن کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔کلکٹر آشیش سنگوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر بحیثیت معمار دستور ہند اور سماجی انصاف کے علمبردار ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کا نظریہ مساوات، تعلیم اور خودداری پر مبنی ہے اور ہر فرد کو چاہیے کہ وہ ان کے اصولوں کو عملی زندگی میں نافذ کرتے ہوئے سماج کے پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے کام کرے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کے ذریعہ سماجی و معاشی ترقی حاصل کریں اور امبیڈکر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بلند مقاصد کو حاصل کریں۔اس موقع پر کلکٹر نے ہندوستانی دستور کے مختلف آرٹیکلز کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دستور میں شامل دفعات عوام کے حقوق، فرائض، سماجی انصاف اور مساوات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے بالخصوص بنیادی حقوق، رہنما اصولوں اور نظم و نسق سے متعلق دفعات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی دوراندیشی کے باعث ہی ہندوستان ایک جمہوری اور مساوات پر مبنی ملک کے طور پر ترقی کر سکا ہے۔ بعد ازاں کیلاش کی تصنیف کردہ کتاب کی رسم اجراء عمل میں آئی۔ اس تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، آر ڈی او این وی گری، تحصیلدار ہیمابندو، میونسپل چیئرپرسن اوما رانی سمیت مختلف محکموں کے عہدیداران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔