وزیر کے ایشور اور پارٹی کے دوسرے قائدین کے ساتھ پی وی مارگ کا دورہ ،کے ٹی آر کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد کے پی وی مارگ پر قائم کئے جانے والے 125 فیٹ کا مجسمہ امبیڈکر جاریہ سال دسمبر تک افتتاح کردیا جائے گا ۔ آج کے ٹی آر نے ریاستی وزیر بہبود کے ایشور کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ مل کر پی وی مارگ پر امبیڈکر کے کانسے کے مجسمہ کا معائنہ کیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ گذشتہ 8 ماہ سے امبیڈکر کے مجسمہ کا کام تیزی سے چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک کے لیے ایک مثالی مجسمہ ہوگا اور ساتھ ہی سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کے لیے میوزیم بھی قائم کیا جارہا ہے ۔ اس مجسمہ سے سیاحت کو بڑے پیمانے پر فروغ حاصل ہوگا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ دستور ساز امبیڈکر کے خوابوں کو چیف منسٹر کے سی آر شرمندہ تعبیر کررہے ہیں ۔ امبیڈکر کی تحریر کردہ دستور سے ہی تلنگانہ ریاست کی تشکیل ممکن ہوئی ہے ۔ امبیڈکر کے خوابوں کی تکمیل کے لیے ملک بھر میں کام ہونا چاہئے ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، کرانتی کرن کے علاوہ سابق صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔ ن