دفعہ 370کی برخاستگی پر کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری ہوگی

   

چتور گڑھ۔16اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کے مربی اندریش کمار نے کہا ہے کہ مرکز میں موجود حکومت کے دوبارہ اقتدار میں آنے اور دفعہ 370ختم ہونے پر کشمیری پنڈتوں سمیت دیگر بے گھر افراد کے کشمیر میں بازآبادکاری کا راستہ ہموار ہوجائے گا۔مسٹر اندریش کمار نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کشمیر سے صرف پنڈت ہی نہیں بلکہ ڈوگرا’ سکھ اور بہاری بھی بے گھر ہوئے ہیں۔ حکومت نے ان کی بازآبادکاری کے لئے پہلا کام دہشت گردی سے کشمیر کو آزاد کرنا تھا جس میں کامیابی ملی ۔ دوسرا کام دفعہ 370کو ختم کرنا اور اس میں بھی شق 35 اے کو خاص طور پر ختم ہرنا ہے جو ملک سے کشمیر کو الگ کرتا ہے ۔حکومت نے اسے بھی ختم کرنے کی سمت میں کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تیسری سطح پر کشمیریوں میں بے گھروں کی بازآبادکاری کی آوازیں اٹھنی لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب باتوں سے یہ یقینی ہے کہ موجودہ حکومت کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر جلد ہی کشمیری پنڈتوں سمیت دیگر تمام بے گھروں کی بازآبادکاری ہوگی۔اس سے قبل مسٹر کمار نے یہاں مسلم راشٹریہ منچ کے زیر اہتمام مسلمانوں کے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کو پینسٹھ برسوں کے دوراقتدار میں کیا ملا اور پچھلے پانچ برسوں میں حکومت نے کیا دیا اس کا تجزیہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے تین طلاق سے مسلم خواتین کو آزادی دلانے کا ذکر تے ہوئے کہا کہ طلاق قرآن اور اسلام کے ساتھ بے ایمانی تھی۔ ملک کی 31خواتین نے اس کے خلاف عدالت میں آوازاٹھاتے ہوئے سچ کو سامنے لایا۔انہوں نے مسلمانوں کو تعلیم کی ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے مسلمانوں کو ناخواندہ رکھا اور مدارس میں اسلام کی تعلیم ہی دیتے رہے لیکن اس حکومت نے مدارس میں ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر کی بات کہتے ہوئے اعلی تعلیم میں وظیفہ میں اضافہ کیا جس کی وجہ سے ملک میں گذشتہ پانچ برسوں میں مسلمانوں کے سب سے زیادہ آئی اے ایس’ آئی پی ایس اور آر اے ایس بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے حج کا کوٹہ ایک لاکھ سے بڑھاکر دو لاکھ کیا ہے ۔