دفعہ 370 کی تنسیخ سے وزیراعظم مودی نے پاکستان کو اُس کا مقام دکھادیا

,

   

کانگریس سے موقف کی وضاحت کا مطالبہ ، جھارکھنڈ کے قبائیلی علاقہ میں بی جے پی کی ریلی سے امیت شاہ کا خطاب

جام تارہ ۔ 18ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چہارشنبہ کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی دستور کی دفعہ 370 ور 55A کی تنسیخ کے ذریعہ پاکستان کو اس کا مقام دکھادیا ۔ امیت شاہ نے کہاکہ کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی کو وضاحت کرنا چاہئے کہ آیا دفعہ 370 کے بارے میں مرکز کے فیصلے کے حق میں ہیں یا نہیں ؟ امیت شاہ نے جھارکھنڈ کے اس علاقہ میں بی جے پی کی ’’جوھر جن آشیرواد یاترا‘‘ کا افتتاح کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ ’’دستور کی دفعہ 370کی تنسیخ کے ذریعہ مودی جی (نریندر مودی ) نے پاکستان کو اس کی اوقات دکھادی اور ثابت کردیا کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ‘‘ ۔ راہول گاندھی کو اب مہاراشٹرا ، جھارکھنڈ اور ہریانہ میں جب وہ جائیں عوام سے کہنا ہوگا کہ آیا وہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے حق میں ہیں ؟ ‘‘۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا ، جھارکھنڈ اور ہریانہ میں اس سال اسمبلی انتخابات منعقدشدنی ہیں۔ ریاستی دارالحکومت رانچی سے 250کیلومیٹر دور ڈومکہ کے قریب واقع جام تارہ کے قبائیلی علاقہ میں ریلی سے خطاب کے دوران امیت شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی ابتداء سے دفعہ 370 کی برخاستگی کے حق میں تھی ۔ انھوں نے دریافت کہا کہ دستور کی اس دفعہ کی تنسیخ پر کانگریس کے پیٹ میں آخر کیوں درد ہورہا ہے۔ ان کی ریلی میں چیف منسٹر رگھوبرداس ، مرکزی وزیر قبائیلی اُمور ارجن منڈا اور بہار کے وزیر نندکشور یادو بھی موجود تھے ۔ شاہ نے کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ پارٹی (کانگریس) سرجیکل حملوں کی مخالفت کررہی تھی اور ان کا ثبوت مانگ رہی تھی ۔

انھوں نے کہاکہ ’’انھیں (کانگریس کو ) چاہئے کہ عوام کو بتائیں کہ وہ کس سمت جائیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی جب اپوزیشن میں تھی اُ سوقت بھی اس کے قائدین اہم قومی مسائل پر حکومت کی تائید کیا کرتے تھے۔ بنگلہ دیش کی جنگ جیتنے پر اٹل بہاری واجپائی نے اُس وقت کی وزیراعظم اندراگاندھی کو مبارکباد دی تھی ۔ ’’اٹل جی نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں ہندوستان کی اُس وقت تائید کی تھی جب ماضی کے وزیراعظم نرسمہا راؤ نے انھیں وہاں ہندوستان کی نمائندگی کے لئے روانہ کیا تھا ‘‘ ۔ جھارکھنڈ میں جہاں عنقریب اسمبلی انتخابات متوقع ہیں امیت شاہ نے دریافت کیا کہ اس ریاست کی ترقی کیلئے کانگریس نے کیا کیا تھا ۔ امیت شاہ نے کہاکہ ’’یہ کہنے میں مجھے کوئی پس و پیش نہیں ہے کہ اٹل جی نے جھارکھنڈ بنایا اور وزیراعظم مودی اس کی ترقی کے لئے اقدامات کئے ہیں ‘‘۔

’’میں نے ہمیشہ علاقائی زبانوں کو
مستحکم بنانے کی وکالت کی ہے ‘‘: صدر بی جے پی
رانچی ۔ 18ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہندی کو ملک کی مشترکہ زبان کی حیثیت سے ترویج سے متعلق اپنے ریمارکس پر پیداشدہ تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش کے طورپر وضاحت کی کہ ملک میں کہیں بھی ہندی مسلط کرنے کیلئے انھوں نے کبھی بھی نہیں کہا تھا ۔ شاہ نے کہاکہ وہ ہمیشہ ہی علاقائی زبانوں کو مستحکم بنانے کی پرزور وکالت کرتے رہے ہیں ۔ شاہ نے کہاکہ میں خود بھی غیرہندی ریاست گجرات سے تعلق رکھتا ہوں جہاں کی زبان ہندی نہیں بلکہ گجراتی ہے ۔ کسی کو میری تقریر غور سے سننا اور سمجھنا چاہئے ۔ اگر کچھ لوگ اس پر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو یہ اُن کی مرضی اور اُن کی پسند ہے ‘‘۔ انھوں نے کہاکہ وہ ہمیشہ ہی ہندی کو دوسری سرکاری زبان بنانے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔