کے ٹی آر پر کانگریس رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کی تنقید، بھوک ہڑتال کی دھمکی مضحکہ خیز
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ایک دلت اسپیکر کی توہین کرنے والے سابق وزیر جگدیش ریڈی کی تائید کرنا افسوسناک ہے۔ کرن کمار ریڈی نے کہاکہ سابق وزیر جگدیش ریڈی نے اسمبلی میں دلت اسپیکر پرساد کمار کی توہین کی۔ اِس واقعہ پر اظہار ندامت اور شرمندگی کے بجائے جگدیش ریڈی کی تائید کرنا افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کے ٹی راما راؤ کی جانب سے بھوک ہڑتال کی دھمکی پر سوال اُٹھایا اور کہاکہ دلت اسپیکر کی توہین پر جس شخص کے خلاف کارروائی کی گئی اُس کی تائید میں بھوک ہڑتال سے ثابت ہوگا کہ بی آر ایس مخالف دلت پارٹی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس نے کئی دلت قائدین کی توہین کی ہے۔ حالیہ برسوں میں بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے کئی دلت خاندان کی توہین کرتے ہوئے اُنھیں عہدوں سے ہٹادیا گیا۔ دلت طبقہ کے ڈاکٹر راجیا کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ سے برطرف کیا گیا تھا۔ کرن کمار ریڈی نے یاد دلایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے دلت چیف منسٹر کا وعدہ کیا تھا لیکن علیحدہ ریاست کی تشکیل کے ساتھ ہی خود چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوگئے۔ کرن کمار ریڈی نے کہاکہ کے ٹی آر کو دلت طبقہ سے کس قدر ہمدردی ہے اِس کا اندازہ جگدیش ریڈی کی تائید سے ہورہا ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں اسپیکر کے عہدہ کا کوئی احترام نہیں کیا گیا۔ دلت اسپیکر کی توہین اور پھر امبیڈکر مجسمہ کے پاس احتجاج کرنا شرمناک ہے۔ کے ٹی آر کو دلتوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اور ایوان میں اشتعال انگیز بیان بازی کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک طرف دلت اسپیکر کی توہین کی گئی اور دوسری طرف جگدیش ریڈی کی تائید میں بھوک ہڑتال کرنے کی دھمکی بی آر ایس کی مخالف دلت پالیسی کو ثابت کرتی ہے۔ تلنگانہ عوام کے ٹی آر اور دیگر بی آر ایس قائدین کی مخالف دلت سرگرمیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے پرنب مکرجی اور رامناتھ کووند جب حیدرآباد پہونچے تو بی آر ایس حکومت نے اُن کی توہین کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ دلت اسپیکر کی توہین پر تلنگانہ عوام بی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ 1