دلت لڑکی پر حملے کے واقعے کے خلاف ایس سی ایس ٹی کمیشن کی کارروائی

   

حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ایس ٹی کمیشن نے بیلم پلی میں دلت لڑکی پر حملے کے واقعہ کا سنگین نوٹ لیتے ہوئے پولیس اور ریونیو عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے دلت لڑکی پر حملے سے متعلق سوشل میڈیا میں وائرل ویڈیو پر ازخود کارروائی کرتے ہوئے عہدیداروں کو نوٹس جاری کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان اور پولیس عہدیداروں سے فون پر بات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ خاطیوں کی فوری گرفتاری اور انہیں سخت سزاء دینے کے لیے پولیس کو ہدایت دی۔ واضح رہے کہ بیلم پلی میں اشرار نے ایک دلت خاندان سے تعلق رکھنے والی لڑکی کو نشانہ بنایا۔ مقامی عہدیداروں کی جانب سے فوری طور پر کارروائی نہ کرنے کی شکایت پر ایس سی ایس ٹی کمیشن نے ازخود کارروائی کی ہے۔