دلہن ’’ممتا بنرجی‘‘ ۔ دلہا کا نام ’’سوشلزم‘‘

   

سیلم (ٹاملناڈو): اکثر کہا جاتا ہے کہ نام میں کیا رکھا ہے۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ لوگوں کے نام کافی دلچسپی کا باعث بن جاتے ہیں۔ ٹاملناڈو کے ضلع سیلم میں اتوار کو ایک شادی ہونے والی ہے جس میں دلہن کا نام ’’ممتا بنرجی ‘‘ ہے اور دلہے کا نام ’’سوشلزم‘‘ ہے۔ دلہن کا نام کانگریس پارٹی کی شعلہ بیان لیڈر ممتا بنرجی کے نام پر رکھا گیا جو اب آل انڈیا ترنمول کانگریس کی سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ہیں۔ دلہا سی پی آئی (ایم) سیلم ڈسٹرکٹ سکریٹری اے موہن کا بیٹا ہے۔ اے موہن نے نہ صرف اپنے ایک بیٹے کا نام سوشلزم رکھا بلکہ دیگر بیٹوں کا نام کمیونزم اور لینن ازم بھی رکھا ہے۔ اِس طرح یہ دلچسپ و یادگار شادی رہے گی جس میں سوشلزم کی شادی ممتا بنرجی سے ہوگی اور قریب ترین میزبانوں میں کمیونزم ، لینن ازم اور مارکسزم (لینن ازم کا بیٹا) ہوں گے۔