دلہن کے ساتھ سیر و تفریح کے لیےانڈونیشیا جانے والا شوہر غرقاب

   

حیدرآباد۔/25جنوری، ( سیاست نیوز) شہر کا ایک نوجوان انڈونیشیا کے بالی میں غرقاب ہوگیا جو افراد خاندان اور اپنی دلہن کے ہمراہ سیر و تفریح کیلئے حیدرآباد سے انڈونیشیا گیا تھا۔ بالی علاقہ میں ایک بڑے ایکوریم کے مشاہدہ کے دوران ومشی کرشنا غرقاب ہوگیا۔ مقامی انڈونیشائی پولیس نے 27 سالہ ومشی کرشنا کی نعش کو برآمد کرلیا ہے۔ ایل بی نگر ناگول علاقہ کے ساکن اس خاندان کو گہرا صدمہ پہنچا۔ ومشی کرشنا کی شادی 8 ماہ قبل کرمن گھاٹ علاقہ کی ساکن لڑکی سے ہوئی تھی اور شادی کے بعد ہی سے اس کا منصوبہ تھا کہ وہ ہنی مون کے طور پر سیرو تفریح کریں گے۔ اس منصوبہ کے تحت تمام افراد خاندان اس نئے جوڑے کے ساتھ انڈونیشیا پہنچے۔ ان کے تفریحی منصوبے میں ملایشیا بھی شامل تھا۔ 13 جنوری کو یہ خاندان روانہ ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق ومشی کرشنا پیشہ سے سافٹ ویر انجینئر تھا جس نے گروپ I کے امتحان میں مینس کامیاب کرلیا تھا۔ ومشی کرشنا کی موت کی اطلاع کے بعد اس کے دیگر رشتہ دار بالی کیلئے روانہ ہوگئے۔ امکان ہے کہ 26 جنوری کو ومشی کرشنا کی نعش حیدرآباد منتقل کی جائے گی۔ع