دنیا بھرمیں کورونا متاثرین 53 لاکھ ‘ مہلوکین کی تعداد 3.42 لاکھ ہوگئی

,

   

بیجنگ / جنیوا 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کوروناوائرس (کووڈ 19) کے کیسز بڑھتے جارہے ہیں اور دنیا بھر میں اس کے متاثرین کی تعداد 53 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اب تک 3.42 لاکھ سے زیادہ لوگ اس کی زد میں آکر موت کی آغوش میں سما چکے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں متاثرین کی تعداد 53,09,693 ہوگئی جبکہ 3,42,078 افراد کی اس بیماری سے موت ہو چکی ہے ۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ممالک میں امریکہ کے بعد اب برازیل دوسرے جبکہ روس تیسرے نمبر پر ہے ۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جارہاہے اور یہاں متاثرین کی تعداد میں مسلسل تیسرے دن چھ ہزار سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے ۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1,31,868 لوگ متاثر ہوئے اور 3867 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 54,441 لوگ اس بیماری سے نجات پا چکے ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 97 ہزار کو پار کر چکی ہے ۔ امریکہ میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھتے ہوئے 16,22,605 ہوگئی جبکہ 97,087 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔اس دوران برازیل میں بھی کورونا نے بھیانک شکل اختیار کر لی ہے اور اب یہ انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز میں دنیا کا دوسرا ملک ہے ۔برازیل میں کورونا وائرس کی تعداد 3,47,398 ہو گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس بیماری سے 965 افراد کی موت کے بعد ملک میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22,013 ہو گئی ہے ۔

روس میں بھی کووڈ -19 کا قہرجاری ہے اورروس اس کے انفیکشن سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں 3,35,882 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 3388 اموات ہو چکی ہے ۔اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں. یہاں اب تک اس وبا سے 2،58،504 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 36،757 لوگوں کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے ۔یوروپ میں شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 32،735 افراد ہلاک اور 2،29،327 لوگ اس وباسے متاثر ہوئے ہیں۔ اسپین میں2،35،290 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 28،678 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 84،082 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4638 اموات ہوئی ہے ۔ اس وبا کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔