دنیا بھر میں سال 2024ء تک سیاحتی صورتحال کی بحالی کی توقع نہیں

   

دوبارہ لاک ڈاؤن پر صورتحال مزید ابتر ہونے کا امکان، ماہرین کی رپورٹ میں انکشاف

حیدرآباد: دنیا بھر میں سال 2019 میں سیاحت کی جو صورتحال تھی وہ بحال ہونے کے لئے ابھی کافی وقت لگے گا اور 2024 کے اواخر میں سال 2019 کی سیاحتی صورتحال بحال ہونے کی توقع ہے۔ دنیا بھر میں سیاحوں کی آمد و رفت کے سلسلہ میں تیار کی جانے والی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا میں سیاحت 5برس پیچھے جاچکی ہے اور سال 2019کی صورتحال کی بحالی کے لئے مزید 4سال درکار ہوں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ سال 2019 میں دنیا بھر میں سیاحت کی صنعت نے 7 ٹریلین ڈالر کو عبور کرلیا تھا اور سال 2020کے دوران 8.1ٹریلین ڈالر کو عبور کرنے کی توقع ظاہر کی جا رہی تھی لیکن کورونا وائرس لاک ڈاؤن نے سب سے زیادہ نقصان سیاحت کی صنعت کو پہنچایا ہے جس کے سبب دنیا بھر میں فضائی سفر روک دیئے جانے کے علاوہ تفریحی مقامات سنسان ہوگئے اور جو لوگ جہاں تھے وہیں کے ہوکر رہ گئے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران شعبہ سیاحت کو 50 فیصد کے قریب گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے اور سال 2020 کے دوران ریکارڈ کی گئی اس گراوٹ سے باہر نکلنے کیلئے آئندہ دو سال کے دوران کوشش کی جا سکتی ہے ۔ ماہرین کا کہناہے کہ ہندوستان کو اس نقصان سے باہر نکلنے کیلئے 2023 تک کا انتظار کرنا پڑسکتا ہے اور اگر دوبارہ کسی لاک ڈاؤن کا سامنا نہ کرنا پڑے تو ایسا ممکن ہے اور اگر دوبارہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ایسی صورت میں سیاحت کے شعبہ کی حالت مزید ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔ جرمنی کو سال 2020 کے دوران 60 فیصد سیاحت میں نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان نقصانات کی پابجائی کیلئے جرمنی کو 2024 تک انتظارکرنا پڑسکتا ہے اور ان حالات سے باہر نکلنے کیلئے ان ممالک کو محفوظ ترین سفر کی فراہمی کے علاوہ سیاحوں میں اعتماد بحال کرنے کے اقدامات کرنے ہوں گے۔ ماہرین کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شعبہ سیاحت کو عالمی سیاحتی سرگرمیوں میں ہی نقصان کا سامنا کرنا نہیں پڑا ہے بلکہ اندرون ملک سیاحتی سرگرمیاں بھی بری طرح سے متاثر ہوئی ہیں جن ممالک میں سیاحتی امور شدید متاثر ہوئے ہیں ان میں ہندستان‘ اسپین، میکسیکو‘ اٹلی ‘فرانس ‘ جرمنی کے علاوہ چین اور دیگر ممالک شامل ہیں جہاں سیاحتی سرگرمیوں کو سال 2020 کے دوران ہونے والے نقصانات کی پابجائی کیلئے سال 2024 تک انتظار کرنا پڑے گا اور ان ممالک میں سال 2019 کی سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے بھی انہیں اتنی مدت انتظار کرنا پڑے گا۔