دنیا کا امیر ترین شخص، ایک دن میں 89 کھرب روپے کمائے

   

نیویارک : گزشتہ چند ہفتوں کے دوران برنارڈ آرنلٹ اور جیف بیزوز کے درمیان دنیا کے امیر ترین فرد بننے کی دوڑ دیکھنے میں آئی۔جس دوران کئی بار جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین شخص بنے اور پھر برنارڈ آرنلٹ ان کو پیچھے چھوڑ کر اوپر آگئے۔مگر اب لگتا ہے کہ پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ نے دنیا کے امیر ترین شخص کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ 22 مارچ کو ان کی دولت میں 32.3 ارب ڈالرز (89 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔جی ہاں واقعی بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں ایک دن میں 89 کھرب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور وہ اب 230 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔اس سے قبل 21 مارچ کو ایمازون کے بانی جیف بیزوز نے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
مگر اب وہ 202 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کافی عرصہ تک دنیا کے امیر ترین شخص رہنے والے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک اس وقت 185 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔مگر ایسا لگتا ہے کہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کا اعزاز جلد میٹا کے چیف ایگزیکٹیو مارک زکربرگ کے نام ہو جائے گا جو 181 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔