دنیا کے بہترین ایئرپورٹ کا اعزاز قطر کے نام دبئی ساتویں نمبر پر

   

دوحہ: ورلڈ ایئرپورٹ ایوارڈ 2024 میں قطر دنیا کے بہترین ایئرپورٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کر چکا ہے۔ ‘سکائی ورلڈ ایئرپورٹ ایوارڈز 2024’ کے مطابق قطر سنگاپور کو شکست دیتے ہوئے دنیا کا بہترین ایئرپورٹ بن گیا ہے۔ سنگاپور کا چانگی ایئرپورٹ مسلسل 12 مرتبہ دنیا کا بہترین ایئرپورٹ ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔سکائی ٹریکس برطانوی کمپنی ہے جو ہر سال مسافروں سے لیے جانے والے سروے کی روشنی میں ایئرپورٹس کی پوزیشن کا تعین کرتی ہے۔ ان سرویز کے تحت دنیا بھر کے ایئرپورٹس کی سہولیات کے اعتبار سے درجہ بندی کی جاتی ہے۔ رواں سال قطر کے ہوائی اڈے کو دنیا کا بہترین ایئرپورٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ قطر ایئرپورٹ کو اپنے جدید ڈیزائنز اور مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی وجہ سے یہ اعزاز ملا ہے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز 2023 میں سنگاپور کے پاس تھا۔ 2021 اور 2022 میں دوحہ بہترین ایئرپورٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کر چکا ہے۔ جبکہ 2020 میں سنگاپور دنیا کے بہترین ایئرپورٹ میں شمار ہوتا تھا۔