ذرائع ابلاغ اور عوامی سرگرمیاں مفلوج، صارفین پریشان
حیدرآباد۔25اکٹوبر(سیاست نیوز) واٹس ایپ کچھ گھنٹوں کے لئے بند ہونا دنیا کے تمام سرکردہ ذرائع ابلاغ اداروں کے لئے انتہائی اہم خبر بن گئی ۔دنیا کے کئی ممالک میں واٹس ایپ خدمات بند ہوتے ہی دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اس سلسلہ میں صارفین نے مطلع کرنا شروع کردیا ۔ واٹس ایپ کی خدمات بحال ہونے تک کروڑہا افراد نے دیگر پلیٹ فارمس پر واٹس ایپ خدمات میں پیدا ہونے والے خلل کے سلسلہ میں مطلع کرنے کے علاوہ اسے موضوع مذاق بنانا شروع کردیا۔ میٹا کمپنی جو کہ واٹس ایپ کے علاوہ فیس بک انسٹا گرام کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس جس کی ملکیت ہے نے زائد از 30منٹ بعد واٹس ایپ میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے سلسلہ میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ واٹس ایپ کے ماہرین خدمات کو بحال کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کر رہے ہیں اور جلد ہی خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔ کمپنی کے ذمہ داروں کے مطابق واٹس ایپ خدمات دنیا کے بیشتر ممالک میں 45 منٹ سے 2گھنٹے تک متاثر رہی اور خدمات متاثر ہونے کی تکنیکی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ہندستان ‘ پاکستان‘ انڈونیشیاء ‘ کینیا ء کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی واٹس ایپ خدمات متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئی اور ہسپانوی زبان میں بھی واٹس ایپ خدمات کے متاثر ہونے کے پیغامات ٹوئیٹر اور دیگر پلیٹ فارمس پر نظر آرہے تھے ۔ سافٹ وئیر ایجنیئرس کا کہناہے کہ واٹس ایپ سرور میں آئی تکنیکی خرابی کو دور کئے جانے کے بعد خدمات بحال ہوچکی ہیں لیکن جتنی دیر خدمات متاثر رہی اتنی دیر میں کروڑہا صارفین نے شکایات کا سلسلہ شروع کردیا۔ واٹس ایپ خدمات متاثر ہونے کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے بھی فیس بک کے ذریعہ واٹس ایپ میں آئی تکنیکی خرابی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کا مذاق اڑانے لگ گئے ۔واٹس ایپ کی تکنیکی خرابی پر جس انداز میں دنیا بھر میں صارفین نے پریشانی اور تشویش کا اظہار کرنا شروع کیا اس رفتار سے کسی اور سنگین مسئلہ پر بھی ردعمل ظاہر کئے جانے کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔واٹس ایپ میں آئی تکنیکی خرابی پر بعض سوشل میڈیا کی بااثر شخصیتوں نے ٹوئیٹر پر اسپیس تیار کرتے ہوئے تبادلہ خیال شروع کردیا اوراس کی وجوہات کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی جبکہ میٹا کے ذمہ داروں نے 45 منٹ بعد یہ واضح کردیا کہ سرور کے DNS میں آنے والی خامی کے سبب کچھ دیر کے لئے اس مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جسے بہتر بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور آئندہ اس طرح کی کوئی تکنیکی خرابی پیدا نہ ہو اس کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔