دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں بھارت سرفہرست

   

نئی دہلی 22 مئی:(ایجنسیز)بھارت اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ملک کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔ اتر پردیش کے باندا، بہار کے ساسارام اور اڈیشہ کے بالانگیر سمیت متعدد علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ شدید گرمی کے باعث پورا شمالی، وسطی اور مشرقی ہندوستان آگ برساتے موسم کی زد میں دکھائی دے رہا ہے۔ جمعہ کی سہ پہر جاری ہونے والی عالمی فہرست میں دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں سے 97 شہر بھارت کے شامل پائے گئے۔ AQI.in کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 50 منٹ تک اڈیشہ کا بالانگیر 48 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ دنیا کا گرم ترین مقام رہا۔اس فہرست میں بہار کا ساسارام 48 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ دوسرے جبکہ اتر پردیش کا وارانسی 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ کئی شہروں میں نمی کی سطح 6 سے 8 فیصد کے درمیان ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث موسم کو ‘‘انتہائی گرم’’ زمرے میں شامل کیا گیا۔دنیا کے 100 گرم ترین شہروں کی فہرست میں بھارت کے علاوہ صرف نیپال کے تین شہر شامل رہے۔ نیپال کا دھنگڑھی 23 ویں، نیپال گنج 34 ویں اور لومبینی کلچرل 76 ویں مقام پر رہا، جہاں درجہ حرارت 45 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔شدید گرمی سے متاثر دیگر بھارتی شہروں میں اتر پردیش کا مظفر نگر، ایودھیا، پنجاب کا پٹیالہ، تلنگانہ کا ورنگل، راجستھان کا سری گنگا نگر، مدھیہ پردیش کا گوالیار، جھارکھنڈ کا دھنباد اور چندی گڑھ شامل ہیں، جہاں درجہ حرارت 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا۔محکمہ موسمیات نے 22 مئی سے 27 مئی کے دوران دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے بڑے علاقوں میں شدید گرمی کی پیش قیاسی کی ہے۔
ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق کئی مقامات پر گرمی کی لہر مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔شدید گرمی کے باعث مختلف ریاستوں کے اسپتالوں میں پانی کی کمی، اسہال اور گرمی سے متاثر مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق گجرات کے بعض علاقوں میں پانی کی قلت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جائے اور معمول سے 4.5 سے 6.4 ڈگری زیادہ رہے تو اسے گرمی کی لہر قرار دیا جاتا ہے، جبکہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ درجہ حرارت انتہائی شدید گرمی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہفتے اتر پردیش کے باندا میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو رواں سال اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت بتایا جا رہا ہے۔