دواخانہ سے باپ کی فراری، بیمار بیٹی کی موت

   

حیدرآباد 20 اکٹوبر (سیاست نیوز) عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں ایک دلسوز واقعہ پیش آیا جہاں بیمار بیٹی کو چھوڑ کر اس کا باپ فرار ہوگیا۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 30 سالہ پشپا لتا جو پیشہ سے مزدور تھی، بنجارہ ہلز علاقہ کے ساکن راجو کی بیوی تھی۔ 18 اکٹوبر کو اس خاتون کو شدید بیمار حالت میں اس کے باپ نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا اور اسے چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ خاتون جو شدید بیمار تھی، بیماری سے تاب نہ لاکر فوت ہوگئی جس کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ افضل گنج پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی انجام دی اور مصروف تحقیقات ہے۔