دوباک میں رقومات تقسیم کرنے کا منصوبہ ناکام

,

   

ایک کروڑ روپئے ضبط ۔بی جے پی امیدوار کے برادر نسبتی گرفتار
حیدرآباد : دوباک اسمبلی انتخابات کے دوران عوام میں تقسیم کئے جانے والی بھاری رقم کو ٹاسک فورس پولیس نے حیدرآباد کے علاقہ بیگم پیٹ میں ضبط کرلیا اور بی جے پی کے امیدوار رگھونندن راؤ کے برادر نسبتی ایس سرینواس راؤ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 47 سالہ ایس سرینواس راؤ ساکن پٹن چیرو اپرنا ہلز ٹیکنیکل مین پاور کنسلٹنسی چلاتا ہے اور پٹن چیرو علاقہ میں اے ٹو زیڈ سولوشن لمیٹیڈ کے نام سے ادارہ قائم کیا تھا ۔ پولیس کمشنر نے دعویٰ کیا ہے کہ سرینواس راؤ اپنے کار ڈرائیور پی روی کمار کی مدد سے دوباک ضمنی انتخابات میں عوام میں تقسیم کرنے کیلئے ایک کروڑ روپئے کی رقم وشاکھا انڈسٹریز سے دوباک منتقل کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھا انڈسٹریز لمیٹیڈ کے مالک پدا پلی کے سابقہ رکن پارلیمنٹ جی وویک وینکٹ سوامی ہے اور سرینواس نے یہ رقم منتقل کرنے کار میں سوار ہوا تھا ۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم کو اس بات کی اطلاع ملنے پر انوا کار کو بیگم پیٹ فلائی اوور کے قریب روک لیا گیا اور تلاشی کے دوران ایک کروڑ روپئے کی نقد رقم برآمد ہوئی ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ ضبط شدہ رقم رائے دہندوں میں تقسیم کرنے دوباک حلقہ اسمبلی منتقل کی جارہی تھی اور سرینواس راؤ اپنے بہنوائی رگھونندن راؤ جو بی جے پی کے امیدوار ہیں کی مددکیلئے یہ رقم منتقل کررہا تھا ۔